
معدے میں تیزابیت ایک عام بیماری ہے جو تکلیف کا باعث بنتی ہے اور روزمرہ کی سرگرمیوں میں خلل پیدا کر سکتی ہے۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ تیزابیت کیوں ہوتی ہے؟ ویسے تو اس کی بہت سی وجوہات ہیں لیکن تیزابیت زیادہ مقدار میں کھانے،مصالحےدار غذاؤں کو کھانے اور وقت پر کھانا نہ کھانے کی وجہ سے ہوتی ہے۔
آپ کو یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ تناؤ کی وجہ سے بھی آپ تیزابیت کا شکار ہوسکتے ہیں، تاہم آپ کو اس کیلئے زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، چند گھریلو ٹوٹکوں کی مدد سے بھی اس تکلیف پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
ادرک
ادرک کو تقریباً ہر کھانے میں ہی استعمال کیا جاتا ہے، زیر زمین اگُنے والی اس سبزی کو قدرت نے صحت کے لیے بہت زیادہ مفید بنایا ہے اور اس سے مختلف امراض سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔ اگر آپ تیزابیت کا شکار ہوگئے ہیں تو کھانے سے قبل ادرک کو چبا لیں یا پھر ادرک کی چائے بنا کر استعمال کریں، آپ کی پریشانی دور ہوسکتی ہے۔
ٹھنڈا دودھ
ٹھنڈے دودھ کے استعمال سے بھی آپ کو تیزابیت کی تکلیف میں فوری آرام مل سکتا ہے۔
نیم گرم پانی کا استعمال
نیم گرم پانی کو لوگ مختلف مسائل کے حل کیلئے استعمال کرتے ہیں، گلے میں درد ہو یا پھر سردی لگ رہی ہوں تو اکثر لوگ نیم گرم پانی کو استعمال کرتے ہیں۔ اسی طرح اگر آپ رات کو سونے سے قبل نیم گرم پانی کو پیناعادت بنائیں تو اس سے بھی تیزابیت کی شکایت سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔
گرم مسالے کی چائے
اس چائے کا استعمال صدیوں سے کیا جارہا ہے، پیٹ کی کوئی بھی خرابی ہوں جیسے بدہضمی ہو یا تیزابیت، یہ چائے ہر صورت میں ہی فائدہ دیتی ہے۔ اس چائے کو بنانا بھی آسان ہے، زیرہ، سونف اور دار چینی کو پانی میں ڈال کر پکالیں اور پھر اس کو کھانے کے بعد استعمال کریں، اس سے تیزابیت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
ایلو ویرا جوس
ایلو ویرا جوس سے تیزابیت سے ہونے والی تکلیف اور ورم کو کم رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ اس مقصد کے لیے کھانے سے 20 منٹ قبل ایلو ویرا جوس کی کچھ مقدار کو کپ میں ڈال کر پی لیں۔
کیلے
کیلے بھی اس حوالے سے بہت مؤثر ثابت ہوتے ہیں جن کو کھانے سے معدے میں تیزابیت کی سطح کم ہوتی ہے۔ ایک کیلا کھانے سے معدے کی تیزابیت سے فوری ریلیف مل سکتا ہے۔
سونف
سونف میں ایک مرکب anethole موجود ہوتا ہے جو معدے کو سکون پہنچانے کے ساتھ ساتھ ورم کم کرتا ہے۔ اس مقصد کے لیے کھانے کے بعد سونف کی کچھ مقدار کو چبائیں یا اس کو چائے میں ڈال کر استعمال کریں۔
ناریل کا پانی
ناریل کا پانی قدرتی طور پر ٹھنڈک فراہم کرتا ہے اور اس کے استعمال سے تیزابیت میں کمی آتی ہے۔ دن بھر میں 2 بار ایک گلاس ناریل کا پانی پینے سے تیزابیت سے نجات پانے میں مدد ملتی ہے۔
زیرہ
زیرہ بھی اس حوالے سے مددگار ثابت ہو سکتا ہے جس کے استعمال سے معدے کو سکون پہنچتا ہے اور تیزابیت میں کمی آتی ہے۔ اس کو کھانے یا چائے میں ڈال کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سیب کا سرکہ
سیب کا سرکہ معدے میں تیزابی سیال کو متوازن سطح پر رکھنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔ کھانے سے قبل ایک کھانے کے چمچ سیب کے سرکے کو ایک گلاس پانی میں ملا کر پینے سے معدے کی تیزابیت سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔
بادام
بادام کیلشیئم کے حصول کا اچھا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں اور یہ غذائی جز معدے میں موجود تیزابی سیال کی سطح میں کمی لانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ کچھ بادام رات بھر پانی میں بھگو کر رکھیں اور صبح انہیں کھالیں، اس سے تیزابیت کے مسئلے سے نجات میں مدد ملے گی۔
ہلدی
ورم کش ہونے کی وجہ سے ہلدی معدے میں تیزابیت کی سطح میں کمی لاتی ہے۔ اس کی معمولی مقدار کھانے پر چھڑکنے یا ہلدی کی چائے کی شکل میں استعمال کرنے سے ریلیف مل سکتا ہے۔