[ad_1]
پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے افغان قونصل جنرل سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور سرحد کی بندش سمیت طلبہ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔
مشیر اطلاعات خیبرپختوا کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بیرسٹر سیف نے افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر سے ملاقات کی اور اس دوران باہمی دلچسپی کے امور، مختلف مسائل اور علاقائی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا کہ افغان قونصل جنرل نے دھرنے کے باعث بارڈر کی بندش، افغان مارکیٹ اور کوہاٹ یونیورسٹی میں افغان طلبا کے داخلے میں حائل رکاوٹوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔
بیرسٹر سیف نے افغان قونصل جنرل کو تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ افغانستان سے ہمارا اسلامی اور پشتون ولی کا گہرا رشتہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغان ہمارے بھائی ہیں اور گزشتہ 40 برسوں سے ان کی دو نسلیں یہاں پروان چڑھی ہیں، ان کی ہر طرح کی مدد کرنا ہمارا دینی اور اخلاقی فریضہ ہے۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں رابطوں کو مزید فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
[ad_2]
Source link