کرناٹک اسمبلی نے جب سے سرکاری ٹھیکوں میں مسلمانوں کے لیے 4 فیصد ریزرویشن کا بل پاس کیا ہے، بی جے پی کے سرکردہ لیڈران کانگریس کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ آج تو بی جے پی اراکین پارلیمنٹ نے اس معاملے میں لوک سبھا و راجیہ سبھا میں ہنگامہ بھی کیا۔ اس تعلق سے اب کانگریس بی جے پی پر حملہ آور دکھائی دے رہی ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ مودی حکومت کے وزراء اور اراکین پارلیمنٹ لگاتار جھوٹ بول رہے ہیں۔ کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر پارٹی ترجمان سپریا شرینیت کی ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ تفصیل سے بتا رہی ہیں کہ کس طرح بی جے پی اور اس کے اراکین پارلیمنٹ بشمول وزراء جھوٹ کا بازار گرم کر رہے ہیں۔