
[ad_1]
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’بہار حکومت کو نیند سے جگانے کے لیے، نوجوانوں کے لیے ’ہجرت روکو ملازمت دو یاترا‘ جاری ہے۔‘‘

’ہجرت روکو، ملازمت دو‘ یاترا کے دوران کانگریس لیڈر پون کھیڑا و کنہیا کمار کے ساتھ دیگر پارٹی لیڈران و کارکنان
رواں سال کے اخیر میں صوبہ بہار میں اسمبلی انتخاب ہونے والا ہے، جس کے مدنظر تمام سیاسی پارٹیاں تیاریوں میں مصروف ہیں۔ کانگریس نے اس وقت نوجوان طبقہ کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ’ہجرت روکو، ملازمت دو‘ یاترا شروع کر رکھی ہے جو آب و تاب کے ساتھ جاری ہے۔ نوجوان لیڈر کنہیا کمار کی قیادت میں چل رہی اس یاترا میں نوجوانوں کا طبقہ بڑی تعداد میں جڑتا ہوا بھی دکھائی دے رہا ہے۔ کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس تعلق سے ایک پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بہار حکومت کو نیند سے جگانے کے لیے، نوجوانوں کے لیے ’ہجرت روکو، ملازمت دو یاترا‘ جاری ہے۔ ہمارا مقصد ہے بہار کے نوجوانوں کو ریاست میں ہی روزگار مہیا کرانا، ہجرت روکنا اور انہیں انصاف دلانا۔‘‘ ساتھ ہی کانگریس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ’’ہم تھمنے والے نہیں ہیں، رکنے والے نہیں ہیں، نوجوانوں کو انصاف دلا کر ہی رہیں گے۔‘‘
یاترا کے دوران کچھ مقامات پر ٹھہر کر کنہیا کمار عوام سے گفتگو بھی کر رہے ہیں اور پریس کانفرنس سے بھی خطاب کیا جا رہا ہے۔ آج بھی کنہیا کمار نے پریس کانفرنس ریاستی حکومت کو ہدف تنقید بنایا۔ پریس کانفرنس میں ان کے ساتھ سینئر کانگریس لیڈر پون کھیڑا بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس میں کنہیا کمار نے بہار حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’بہار میں اساتذہ کو ان کی تنخواہیں نہیں دی جا رہی ہیں۔ ایل این ایم یو میں 2008 سے لائبریرین کی تقرری نہیں ہوئی ہے۔ کھیل کوٹے سے نوکری لینے والے طالب علموں کا کوٹہ ختم کر دیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’ڈومیسائل پالیسی نافذ نہ ہونے کی وجہ سے معذوروں کو نوکری نہیں مل رہی ہے۔ پولو گراؤنڈ میں مختلف طرح کے پروگرام ہوتے رہتے ہیں، جس کی وجہ سے فوج کی تیاری کرنے والے طالب علموں کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔‘‘
پریس کانفرنس سے پون کھیڑا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کنہیا کمار جی یاترا کے ذریعہ سے جو مسائل اٹھا رہے ہیں، اسے بقیہ سیاسی جماعتوں کو آج نہیں تو کل اٹھانا ہی پڑے گا۔ آج حکمراں جماعت ہماری توجہ ہٹانا چاہتی ہے تاکہ لوگ اصل مسائل پر بات نہ کریں اور وہ اپنی ناکامیوں کو چھپا سکیں۔ بے روزگاری اور ہجرت جیسے مسائل پر بات نہ ہو، بہار اور ملک کا دھیان بنٹا رہے، اس لیے بی جے پی سماج میں تنازعہ پیدا کر رہی ہے۔ ایسی سازش بی جے پی گزشتہ 11- 10 سالوں سے رچ رہی ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’جس بہار نے پورے ملک کو راہ دکھائی، آج اس بہار کا نوجوان جدوجہد کر رہا ہے، یہ ان کے ساتھ بہت بڑی ناانصافی ہے۔ اس بار تمام سیاسی جماعتوں کو بہار کے نوجوانوں، طالب علموں اور مزدوروں کے حوالے سے اپنی پالیسی واضح کرنی ہوگی۔‘‘
کانگریس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ اکاؤنٹ سے بہار کے ایک بے روزگار نوجوان کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اس نوجوان کا درد صاف دیکھا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں نوجوان کہتا دکھائی دے رہا ہے کہ ’’پلٹو چاچا خود پلٹ پلٹ کر اپنا فیوچر برائٹ کر چکے ہیں، لیکن ہم نوجوانوں کا گناہ کیا ہے؟ کیا میں صرف ووٹ دینے کے لیے پیدا ہوا ہوں؟ کیا مجھے نوکری کرنے کا حق نہیں ہے؟‘‘ نتیش حکومت سے بے حد ناراض نظر آ رہے اس نوجوان نے اپنی تکلیف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’’میری تعلیم پر میرے اہل خانہ نے لاکھوں روپے خرچ کیے، لیکن آج میں بے روزگار ہوں۔ نریندر مودی اور بی جے پی دن بھر ہندو-مسلم کرتے رہتے ہیں اور اصل مسائل پر بات نہیں کرتے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link