[ad_1]
راحت و بچاؤکاری میں تاخیر کی وجہ سے حالات سنگین ہو گئے، زخمیوں کو فوراً طبی امداد نہیں مل سکی جس کے سبب مہلوکین کی تعداد میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔
افریقہ ملک ایتھوپیا کے ایک دور دراز علاقے میں خوفناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں کم از کم 66 افراد کی موت ہو گئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ درجنوں افراد کو لے کر جا رہا ایک ٹرک اچانک بے قابو ہو گیا اور پھر وہ پل سے نیچے ندی میں گر گیا۔ 64 لوگوں کی موت جائے حادثہ پر ہی ہو گئی، جبکہ 2 لوگوں کی موت اسپتال میں علاج کے دوران ہوئی۔
حادثہ اتوار کا ہے جب ٹرک میں سوار کئی لوگ ایک شادی کی تقریب میں شامل ہونے کے لیے جا رہے تھے۔ ٹرک پرانا اور مخدوش حالت میں تھا۔ پُل پار کرتے وقت یہ توازن برقرار نہیں رکھ سکا اور ندی میں گر گیا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ اس علاقے میں پہلے بھی کئی حادثے ہو چکے ہیں۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ پُل اور آس پاس کی سڑکیں بے حد خراب ہیں۔ پہلے بھی انتظامیہ سے اس جگہ کو ٹھیک کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا، لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔
کہا جا رہا ہے کہ راحت و بچاؤکاری میں تاخیر نے حالات کو انتہائی سنگین بنا دیا۔ زخمیوں کو فوراً طبی امداد نہیں مل سکی جس سے مہلوکین کی تعداد میں اضافہ ہوا۔ سنگین طور سے زخمی مریضوں کو بہتر علاج کے لیے بڑے اسپتالوں میں بھیجا گیا ہے۔ یہ حادثہ ایتھوپیا کے سڑک سیکورٹی نظام اور ایمرجنسی خدمات کی خامیوں کو ظاہر کرتا ہے۔ خراب سڑک سیکورٹی نظام کی وجہ سے ہی شادی تقریب کا جشن غم کے ماحول میں بدل گیا۔
[ad_2]
Source link