دیویندر یادو نے کہا ’’رام نواس گوئل سمیت عآپ کے لیڈران یا تو انتخاب لڑنا نہیں چاہتے یا اپنی سیٹ بدل کر دوسرے اسمبلی حلقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ 2025 کے انتخاب میں کیجریوال بھی اپنی سیٹ بدل رہے ہیں۔‘‘
’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو اور دیگر پارٹی لیڈران
’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو اور دیگر پارٹی لیڈران
نئی دہلی، دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی اسمبلی اسپیکر رام نواس گوئل کا دوبارہ انتخاب نہ لڑنے کا فیصلہ براہ راست اروند کیجریوال کی قیادت کی مخالفت ہے۔ عام آدمی پارٹی کی سیاسی زمین کھسکتی جا رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کی پارٹی کے وزراء اور سینئر لیڈران یا تو دیگر پارٹیوں میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں یا شکست کو دیکھتے ہوئے سیاست کو خیرباد کہہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ’دہلی نیائے یاترا‘ کے ذریعہ 60 سے زائد اسمبلی حلقوں کا سفر پورا کر چکی ہے۔ یاترا کی کامیابی سے عام آدمی پارٹی گھبرا چکی ہے اور 2025 میں اسے یقینی شکست دکھائی دے رہی ہے۔
دیویندر یادو نے کیجریوال اور وزیر اعلیٰ آتشی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیجریوال اور وزیر اعلیٰ آتشی نے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کی جانب سے اسپیکر کو دی گئی ہدایت کے باوجود زیر التواء 12 سی اے جی (کمپٹرولر اور آڈیٹر جنرل) کی رپورٹس کو ایوان میں پیش کرنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد بطور اسپیکر رام نواس گوئل نے اسے اپنی عزت نفس کی توہین سمجھی۔ دیویندر یادو نے کہا کہ عام آدمی پارٹی میں اروند کیجریوال کی تاناشاہی کے آگے کسی کا وجود نہیں ہے۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ کیجریوال تمام اصول و ضوابط کی دھجیاں اڑا کر تاناشاہ کے طور پر کام کرتے ہیں اور کھلے عام ٹیکس دہندگان کے پیسے کو لوٹتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں کیجریوال کے خلاف ماحول اور پارٹی میں بدعنوانی، غلط حکمرانی اور غریبوں کو نظر انداز کرنے کی وجہ سے ماحول ناموافق حالات میں پہنچ چکا ہے۔ رام نواس گوئل سمیت ان کے لیڈران یا تو انتخاب لڑنا نہیں چاہتے یا اپنی سیٹ بدل کر دوسرے اسمبلی حلقوں کا رخ کر رہے ہیں۔ 2025 کے انتخاب میں کیجریوال بھی اپنی سیٹ بدلنے والے ہیں، کیونکہ انہیں عوام کے درمیان مخالفت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔