اسلام آباد:
وفاقی حکومت نے سابق سفیر محمد صادق خان کو ایک مرتبہ پھر افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کر دیا ہے۔
سابق سفیر محمد صادق خان اس سے قبل اس عہدے پر تین سال تک فرائض انجام دے چکے ہیں اور مئی 2023 میں اپنے عہدے سے ریٹائر ہوگئے تھے۔
قبل ازیں رواں برس 10 ستمبر کو اس وقت کے سفارت کار آصف درانی کو افغانستان کے خصوصی نمائندے کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا اور اس کے بعد نئے خصوصی مندوب کا تقرر نہیں ہوا تھا۔
دوسری جانب افغانستان کی طالبان حکومت اور پاکستان کے درمیان تعلقات بھی سرد مہری کا شکار ہیں اور سابق نمائندہ خصوصی آصف درانی کے دور میں دونوں ممالک کے تعلقات ابتر ہوگئے تھے اور وہ اہم کردار ادا کرنے میں بظاہر ناکام نظر آئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: 6 ہفتے بیت گئے پاکستان افغانستان کیلیے نمائندہ مقرر نہ کرسکا
ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ دفترخارجہ کے عہدیدار سمجھ رہے ہیں کہ کسی بھی سابق افسر کو نمائندہ تعینات کیے بغیر افغان حکومت کے ساتھ معاملات سنبھالے جاسکتے ہیں۔
افغانستان میں مفادات رکھنے والے اور خطے کے دیگر ممالک نے بھی افغانستان کے لیے اپنے نمائندہ خصوصی کا تقرر کر رکھا ہے۔