پولیس نے بتایا کہ ’’4 محققین کی ایک ٹیم لوتھل آئی تھی۔ حادثہ میں دہلی آئی آئی ٹی کی محقق سُربھی ورما کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی، دیگر 3 زخمی ہو گئے جن کو بہتر علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔‘‘
ریاست گجرات کے لوتھل میں قدیم وادیٔ سندھ واقع تہذیبی مقام پر ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے۔ دراصل 4 لوگوں کی ایک ٹیم تحقیق کے لیے گجرات کے لوتھل پہنچی تھی جس میں 2 آئی آئی ٹی دہلی اور 2 آئی آئی ٹی گاندھی نگر سے تھے۔ تحقیق کے دوران مٹی کے نیچے دبنے سے ایک محقق کی موت ہو گئی جبکہ دیگر 3 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ مٹی تلے دب کر مرنے والی محقق کا نام سُربھی ورما ہے جس کی عمر صرف 23 سال تھی۔
گجرات کے لوتھل میں جہاں پر یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا وہ جگہ احمد آباد سے تقریباً 80 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق یہ حادثہ 27 نومبر کی صبح 11 بجے پیش آیا۔ 4 محققین کی ایک مشترکہ ٹیم ’پیلیوکلیمیٹولوجی‘ کی تحقیق کے لیے لوتھل پہنچی تھی۔ اس حادثے کے بارے میں فائر آفیسر نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ ’’تحقیق کاروں نے جے سی بی سے 15 فٹ کھدائی کی۔ وہ لوگ یہاں کی مٹی کی تحقیق کے لیے آئے تھے۔ گڈھا کھودنے کے بعد وہ لوگ سَیمپل کے لیے اندر گئے۔‘‘ فائر آفیسر کے مطابق یہاں 3 فٹ تک پانی پایا جاتا ہے جس سے مٹی نرم ہو جاتی ہے اس لیے مٹی ان کے اوپر گر گئی اور وہ لوگ اس کے اندر دب گئے۔
حادثے کے بارے میں احمد آباد (دیہی) کے ایس پی نے بتایا کہ ’’4 تحقیق کاروں کی ایک ٹیم جن میں 2 آئی آئی ٹی دہلی اور 2 آئی آئی ٹی گاندھی نگر سے تھے، لوتھل پہنچی تھی۔ حادثہ میں آئی آئی ٹی دہلی کی محقق سُربھی ورما کی جائے وقوع پر ہی موت ہو گئی، دیگر 3 زخمی ہو گئے جن کو بہتر علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا۔‘‘ ایس پی کے مطابق جائے وقوع تک پہنچنے میں پولیس کو 15 منٹ کا وقت لگا کیوںکہ تحقیق والی جگہ تھانے سے کافی دوری پر واقع تھی۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں آئی آئی ٹی دہلی کی پروفیسر یاما دیکشت کی حالت زیادہ نازک ہے۔ انہیں پہلے مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا پھر بہتر علاج کے لیے گاندھی نگر کے اپولو اسپتال میں منتقل کر دیا گیا۔ انہیں سانس لینے میں کافی دقت پیش آ رہی تھی۔
قابل ذکرہے کہ یاما دیکشت دہلی آئی آئی ٹی میں سینٹر فار ایٹموسفیرک سائنسز (سی اے ایس) میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں اور سُربھی ورما ان کی رہنمائی میں تحقیق کر رہی تھی۔ تحقیقاتی ٹیم کے دیگر 2 ممبران ایسوسی ایٹ پروفیسر وی این پربھاکر اور سینئر ریسرچ فیلو شکھا رائے ہیں۔ دونوں کا تعلق آئی آئی ٹی گاندھی نگر کے سینٹر فار آرکیالوجیکل سائنسز سے ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔