جھارکھنڈ میں انتخاب انڈیا اتحاد کے بینر تلے لڑا گیا تھا اس لیے قوی امکان ہے کہ وزریر اعلیٰ ہیمنت سورین کی حلف برداری تقریب میں کانگریس و آر جے ڈی کے بھی کچھ اراکین اسمبلی وزارتی عہدہ کا حلف اٹھائیں۔
جھارکھنڈ میں حالیہ اختتام پذیر اسمبلی انتخاب میں انڈیا اتحاد نے شاندار جیت حاصل کی ہے۔ 28 نومبر کو جھارکھنڈ میں ہیمنت سورین وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لینے والے ہیں۔ اس تقریب میں انڈیا اتحاد کے تمام سرکردہ لیڈران ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہو کر اتحادی قوت کا مظاہرہ کریں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں شامل ہونے والے سرکردہ لیڈران میں کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی، این سی پی-ایس پی صدر شرد پوار، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ اور ٹی ایم سی صدر ممتا بنرجی، عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال، سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو، شیو سینا (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے اور سی پی آئی (ایم ایل) کے جنرل سکریٹری دیپانکر بھٹاچاریہ وغیرہ کا نام اہم ہے۔
ہیمنت سورین کی حلف برداری تقریب میں کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور مختلف سیاسی جماعتوں کے بڑے بڑے رہنما شامل ہوں گے۔ جو خبریں سامنے آ رہی ہیں اس کے مطابق میگھالیہ کے وزیر اعلیٰ کونراڈ سنگما، پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگونت مان، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو، جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی، تمل ناڈو کے نائب وزیر اعلیٰ ادے اسٹالن، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار، بہار اسمبلی کے حزب مخالف لیڈر تیجسوی یادو، دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا، پورنیہ (بہار) سے رکن پارلیمنٹ راجیو رنجن عرف پپو یادو اور عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا رکن سنجے سنگھ بھی اس تقریب میں موجود ہوں گے۔
جھارکھنڈ میں انتخاب انڈیا اتحاد کے بینر تلے لڑا گیا تھا جس میں جے ایم ایم کے علاوہ کانگریس اور آر جے ڈی بھی شامل تھی۔ وزریر اعلیٰ ہیمنت سورین کی حلف برداری تقریب میں اس بات کا بھی امکان ہے کہ حلیف پارٹی کانگریس اور آر جے ڈی سے ایک ایک لیڈر بھی وزارتی عہدہ کا حلف اٹھائیں۔ حلف برداری تقریب رانچی کے مورہ آبادی میدان میں منعقد ہوگی، جہاں شاندار سجاوٹ کی جا رہی ہے۔ تقریب میں ریاست سے تقریباً 50 ہزار افراد کی شرکت بھی متوقع ہے۔ اس سے قبل 2019 میں ہیمنت سورین نے پہلی بار اسی میدان میں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا تھا۔
جھارکھنڈ کی چیف سکریٹری الکا تیواری نے حلف برداری کی تقریب سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا۔ تقریب گاہ پر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ رانچی کے ڈپٹی کمشنر ورون رنجن اور ایس ایس پی چندن سنہا نے مورہ آبادی میدان میں منعقد ہونے والی تقریب سے قبل بدھ کے روز افسران اور پولیس اہلکاروں کو بریفنگ کی۔ تقریب کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ تمام مہمانوں کی سیکورٹی اور پروٹوکول میں کسی بھی قسم کی کوئی کمی اور کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔