انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ ممبران نے ٹی20 ورلڈکپ میں ہونے والی بدانتظامی پر ناراضگی کا اظہار کردیا۔
رپورٹس کے مطابق آئی سی سی کے ممبران رواں ماہ سری لنکا میں شیڈول مالی اور آپریشنل معاملات پر بورڈ میٹنگ میں سوالات کریں گے جبکہ امریکا اور ویسٹ انڈیز کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے میگا ایونٹ کیلئے 2 کروڑ ڈالرز کی اضافی رقم اور میچز کروانے سے متعلق بھی اہم فیصلے ہوں گے۔
آئی سی سی نے اس حوالے سے ایک آزاد کمیٹی قائم کی ہے جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ میں ناقص انتظامات؛ آئی سی سی کے 2 اہم عہدیدار مستعفیٰ
رپورٹس میں کہا جارہا ہے کہ کمپنی نے آئی سی سی سے منظور بجٹ کے علاوہ 2 کروڑ ڈالرز کی درخواست کی تھی، بورڈ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ رقم کیش ادائیگیوں کیلئے بطور لون طلب کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: ٹی20 ورلڈکپ؛ مالی بے ضابطگیوں کے باعث مکمل آڈٹ کروانے کا فیصلہ
رپورٹ کے مطابق امریکا میں ٹی20 ورلڈکپ میچز کیلئے ساڑھے 4 کروڑ ڈالرز کا بجٹ رکھا گیا تھا جس میں ڈیڑھ کروڑ ڈالرز آپریشن اور 3 کروڑ ڈالرز نساؤ اسٹیڈیم کی تعمیر کیلئے مختص تھے۔
آئی سی سی بورڈ ممبران ہوشربا بجٹ پر بھی ناراض ہیں، ویسٹ انڈیز میں ہونے والے میچز میں خالی اسٹیڈیم اور خراب پچوں پر بھی سوالات ہوں گے۔