متھرا میں 24 گھنٹے کے اندر فائرنگ کے دو واقعات سے افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا ہے، پہلا واقعہ شیر گڑھ تھانہ حلقہ میں اور دوسرا واقعہ گووند نگر تھانہ حلقہ میں پیش آیا۔
متھرا ضلع میں ایس ایس پی کے احکامات پر بدمعاشوں پر لگاتار کارروائی کی جا رہی ہے، لیکن ان کے حوصلے پست ہوتے دکھائی نہیں دے رہے ہیں۔ ضلع میں گزشتہ 24 گھنٹے کے اندر فائرنگ کے دو واقعات پیش آئے ہیں اور دونوں ہی واقعہ کو لے کر پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا ہے لیکن ابھی تک کوئی ٹھوس کارروائی سامنے نہیں آئی ہے۔ فائرنگ کے دونوں واقعات شادی کی تقریب سے جڑے ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 24 گھنٹے کے اندر ہوئے فائرنگ کے دونوں واقعات سے ضلع میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔ فائرنگ کا پہلا واقعہ شیر گڑھ تھانہ حلقہ میں پیش آیا، جبکہ دوسرا واقعہ گووند نگر تھانہ حلقہ کا ہے۔ ان دونوں واقعات میں ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور ایک دیگر سنگین طور پر زخمی ہوا ہے۔ متھرا کے گووند نگر تھانہ حلقہ کے مسانی بائپاس لنک روڈ کے لاٹس گارڈن پر شادی کی تقریب منعقد ہوئی تھی جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔
بتایا جاتا ہے کہ شادی تقریب کے دوران رقت کے وقت گارڈن میں دولہا-دلن کی جئے مالا کا پروگرام ہو رہا تھا جب باہر پارکنگ سے گولی چلنے کی آواز آئی۔ سبھی باراتی بھاگ کر فوراً پارکنگ میں پہنچے جہاں ایک نوجوان کو گولی لگی ہوئی تھی اور وہ زمین پر گر چکا تھا۔ پارکنگ میں ہوئے اس فائرنگ کو دیکھ کر سبھی حیران رہ گئے۔ باراتیوں نے فوراً اس حادثہ کی خبر پولیس کو دی۔
واقعہ کی جانکاری ملتے ہی پولیس کی ٹیم جائے وقوع پر پہنچی اور معاملے کی جانچ میں مصروف ہو گئی۔ پولیس نے جائے حادثہ سے نوجوان کی لاش کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا۔ اس فائرنگ واقعہ میں مرنے والے شخص کی شناخت راہل گوسوامی کے طور پر ہوئی ہے جو کسم واٹیکا کے پاس واقع وکاس نگر کالونی کا رہنے والا تھا۔ حادثہ کی جانکاری ہوتے ہی ایس پی سٹی اروند کمار اور سی او سٹی پروین کمار بھی موقع پر پہنچ گئے۔ دوسرا واقعہ شیر گڑھ تھانہ حلقہ کے سامنے پیش آیا۔ یہاں بھی فائرنگ ہوئی جس میں ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس نے دونوں ہی معاملوں میں کیس درج کر ملزمین کی تلاش شروع کر دی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔