بیروت: لبنان میں حزب اللہ سے جھڑپ کے دوران اسرائیلی فوج کا ایک اہلکار ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق جنوبی لبنان کے علاقے میں حزب اللہ کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہونے والے اہلکار کی شناخت سارجنٹ میجر (ر) 36 سالہ رونی گنیزیٹ کے نام سے ہوئی ہے۔
حزب اللہ سے ہونے والی اس جھڑپ میں ایک اہلکار شدید زخمی بھی ہوا جسے ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسرائیل کے ملٹری اسپتال لایا گیا۔ اہلکار کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
اسرائیلی فوج کے بیان میں مزید بتایا گیا کہ جھڑپ کے دوران ہلاک ہونے والے میجر رونی گنیزیٹ ایلون بریگیڈ کی 5030 ویں بٹالین کا حصہ تھے جو جنوبی لبنان میں حزب اللہ کا دوبدو مقابہ کررہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ 36 سالہ گنیزیٹ کی ہلاکت سے لبنان میں 23 ستمبر سے جاری حزب اللہ کے ساتھ دوبدو جنگ میں اسرائیلی برّی فوج کے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد 12 ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ گزشتہ روز کریات شمونہ پر حملہ کرنے والے حزب اللہ کے 2 کمانڈر کو جنوبی لبنان میں کیے گئے فضائی حملے میں ہلاک کردیا گیا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ فضائی بمباری میں مارے گئے حزب اللہ کے ان کمانڈرز کے نام احمد مستضع الحاج علی اور محمد علی ہمدان ہے جو کریات شمونہ سمیت اسرائیل میں کئی مقامات پر حملوں کے ذمہ دار ہیں۔
یاد رہے کہ کریات شمونہ کے علاقے میں حزب اللہ کے راکٹ حملے میں میاں بیوی 45 سالہ ریوٹیال یہود اور 43 سالہ ڈیور شرویت ہلاک ہوگئے تھے جو حملے کے وقت اپنے کتوں کو ٹہلا رہے تھے۔