اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چینی سفیر سے ملاقات کر کے کراچی میں پیش آنے والے دہشت گردانہ واقعے پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں چینی سفارت خانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں تعینات چینی سفیر جیانگ زیڈانگ سے ملاقات کی جس میں انہوں نے گزشتہ روز کراچی میں چینی قافلے پر دہشت گرد حملے کی مذمت اور انسانی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کی۔
وزیراعظم نے دہشت گرد حملے میں چینی باشندوں کے جاں بحق ہونے پر شدید رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ذمہ دار افراد کی جلد از جلد شناخت کے لیے حکومت مکمل طور پر متحرک ہے، واقعے کے ذمہ داران کی جلد از جلد شناخت کے بعد انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود ہمارے چینی بھائیوں کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی اس گھناؤنی سازش کو ہرگزبرداشت نہیں کیا جائے گا، کراچی واقعے کی تحقیقات کی میں ذاتی طور پر خود نگرانی کروں گا جبکہ مستقبل میں غیر ملکیوں کے لیے سیکیورٹی انتظامات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ حملہ خودکش تھا گاڑی کا مالک بلوچستان کا رہائشی ہے، ابتدائی رپورٹ
چینی سفیر نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے فوری ردعمل اور تحقیقات کے آغاز پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا اور معاملے کی مؤثر تحقیقات، ذمہ دار دہشتگردوں کی فوری شناخت اور ان کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کی امید اور اعتماد کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ واقعے کے ذمہ دار افراد کو جلد از جلد قرار واقعی سزائیں دی جائیں گی۔ ملاقات میں وفاقی وزراء احسن اقبال، عطا اللہ تارڑ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک تھے۔