تل ابيب: اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران نے حملہ کر کے بہت بڑی غلطی کر دی ہے اس کی قیمت اسے ادا کرنا ہو گی۔
اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے سیکیورٹی کابینہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد کہا کہ گزشتہ رات دنیا کے سب سے جدید ترین ایئر ڈیفنس سسٹم کی بدولت ایران کے سیکڑوں میزائلوں کو تباہ کیا۔
نیتن یاہو نے گزشتہ رات ایرانی حملہ ناکام بنانے کے لیے مدد کرنے پر امریکا کا شکریہ ادا کیا۔
اسرائیلی وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایران کا براہ راست حملہ ایک بڑی غلطی ہے، ہم عوام اور اپنی زمین کے دفاع کیلیے ہر حد تک جا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اپنے اصول ہیں کہ جو بھی ہم پر حملہ آور ہو گا ہم اس پر پوری شدت کے ساتھ جوابی کارروائی کریں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ رات ایران نے اسرائیل پر 200 بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا تھا، ایرانی پاسداران انقلاب گارڈ کا کہنا تھا کہ حملہ اسماعیل ہنیہ اور حسن نصراللہ کی شہادت کا بدلہ ہے۔