ہندوستانی ہوا بازی شعبہ میں 12-11 نومبر کی آدھی رات بے حد خاص ہونے والی ہے کیونکہ آج وستارا ایئرلائنس کا ایئر انڈیا گروپ میں انضمام ہونے جا رہا ہے۔ یہ لمحہ وستا ایئر لائنس کے لیے کافی جذباتی بھرا ہے کیونکہ 11 نومبر کا دن ختم ہونے کے ساتھ ہی وستارا کے تمام 650 اسٹاف، 70 ہوائی جہاز، ہر دن 50 ڈومیسٹک (32) اور انٹرنیشنل (18) مقامات پر 350 فلائٹوں کا سفر اب تاریخ کا حصہ بن جائے گا۔
2013 میں بنی ٹاٹا سنس اور سنگاپور ایئر لائنس کی جوائنٹ وینچر وستارا ایئر لائنس کے ایئر انڈیا میں انضمام ہونے کے ساتھ ہی 17 سالوں میں ہندوستانی ہوا بازی شعبہ میں فُل سروس کیریئر کمپنیوں کی تعداد 5 سے گھٹ کر 1 رہ جائے گی۔ چونکہ سنگاپور ایئر لائنس کی وستارا میں 49 فیصد حصہ داری ہے اس لیے انضمام کے بعد غیر ملکی ہوا بازی کمپنی کی ایئر انڈیا میں 25 اعشاریہ 1 فیصد کی حصہ داری ہوگی۔