کراچی:
محکمہ موسمیات نے جمعے کو شہر میں معمول سے تیز ہوائیں چلنے اور سردی کی شدت میں اضافے کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات ارلی وارننگ سینٹرکی پیش گوئی کےمطابق جمعے کو شہرمیں بلوچستان کی شمال مشرقی سمت کی ہوائیں چلنے کی توقع ہے،یخ بستہ اورمعمول سے تیزہوائیں چلنے کے سبب خنکی میں اضافہ و درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
سرد ہواؤں کی وجہ سے جمعے اور ہفتے کو کم سے کم پارہ سنگل ڈیجیٹ میں ریکارڈ ہوسکتا ہے، شہرکے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بھی 2 تا 3 ڈگری کمی کا امکان ہے۔
ارلی وارننگ سینٹرکےمطابق صوبے بھرمیں سردی کی لہربدستوربرقراررہنے کی توقع ہے جبکہ تھر پارکر/عمرکوٹ میں شدید سردی ریکارڈ ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کو کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 12.5ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 0.8 ڈگری کمی سے 26.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
دیہی سندھ میں سب سے کم درجہ حرارت مٹھی میں 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔