امیت شاہ کے ذریعہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے سلسلے میں کیے گؑئے تبصرے کے بعد پورے ملک کی سیاست میں گھمسان مچا ہوا ہے۔ کانگریس سمیت کئی اپوزیشن پارٹیاں شاہ کے اس بیان کی زبردست مخالفت کر رہی ہیں جو انہوں نے پارلیمنٹ میں دیا تھا۔ اہم اپوزیشن جماعت کانگریس شاہ کے بیان کے خلاف جارحانہ رخ اختیار کیے ہوئے اور اس معاملے پر پارلیمنٹ میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ اس درمیان عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے بھی اس تعلق سے اپنا ردعمل ظاہر کیا ہے۔
اروند کیجریوال نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ چندرا بابو نائیڈو کو ایک خط لکھا ہے۔ اس خط میں کیجریوال نے کہا ہے کہ بابا صاحب رہنما نہیں، اس ملک کی روح ہیں۔ بابا صاحب کو چاہنے والے بی جے پی کی حمایت نہیں کر سکتے۔ لوگ چاہتے ہیں آپ بھی اس مسئلے پر گہرائی سے غور کریں۔