ممبئی: بالی ووڈ کی نامور ڈائریکٹر اور کوریو گرافر فرح خان اور فلمساز ساجد خان کی والدہ میناکا ایرانی 79 سال کی عُمر میں دُنیا سے کوچ کرگئیں۔
بھارتی اداکار و فلمی مبصر کمال راشد خان المعروف ‘کے آر کے’ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر فرح خان اور اُن کی والدہ کی تصویر پوسٹ کی۔
کمال راشد خان نے اپنی پوسٹ میں افسوسناک خبر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ فرح خان اور ساجد خان کی والدہ کا انتقال ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 79 سالہ میناکا ایرانی گزشتہ کافی عرصے سے بیمار تھیں اور اسپتال میں زیرِ علاج تھیں۔
فرح خان اور ساجد خان کے مداح اُن کی والدہ کے انتقال پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوتے فلمساز بہن بھائی کی جوڑی کے لیے صبر کی دُعا کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ 12 جولائی کو فرح خان نے اپنی والدہ کی سالگرہ کے موقع پر اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر خصوصی پوسٹ جاری کی تھی جس میں اُنہوں نے کہا تھا کہ ہم سب اپنی ماؤں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
فرح خان کا کہنا تھا کہ مجھے گزشتہ مہینہ اس بات کا انکشاف ہوا کہ میں اپنی والدہ میناکا سے کتنا پیار کرتی ہوں، وہ میری زندگی کی اب تک کی سب سے مضبوط اور بہادر ترین شخصیت رہی ہیں۔
فلمساز کا کہنا تھا کہ میری والدہ ایک سے زیادہ سرجریوں کے بعد بھی اپنا خوشگوار مزاج برقرار رکھتی ہیں۔
اُنہوں نے والدہ کو سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے اُن سے اپنی محبت کا اظہار بھی کیا تھا۔