لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کے بعد اغواء کرنے کے کیس کی ملزمہ آمنہ عروج کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے ملزمہ آمنہ عروج کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کیا جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نبیلہ عامر نے خلیل الرحمان ہنی ٹریپ اور اغواء کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت عدالت نے ملزمہ سے استفسار کیا کہ آپ نے خلیل الرحمان قمر کو اغواء کیا تھا؟ جس پر ملزمہ نے کہا کہ میں ماڈلنگ کرتی ہوں اور میں نے ہی خلیل الرحمان کو بلایا تھا۔
عدالت نے ملزمہ آمنہ عروج سے استفسار کیا کہ آپ نے اغواء کے بعد خلیل الرحمان سے تاوان بھی مانگا؟، ملزمہ نے کہا کہ خلیل الرحمان کے اے ٹی ایم کے ذریعے دو لاکھ 87 ہزار روپے نکالے تھے۔
مزید پڑھیں: اغواء کا معاملہ، مشی خان کا خلیل الرحمان کو انٹرویوز نہ دینے کا مشورہ
عدالت نے استفسار کیا کہ جو رقم بینک سے نکالی گئی وہ کس کے پاس ہے؟ جس پر ملزمہ نے کہا کہ رقم حسن شاہ نے نکالی تھی اور اسی کے پاس ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نبیلہ عامر نے سماعت ختم کرتے ہوئے ملزمہ کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔