شیخوپورہ: آئی پی پیز سے بجلی خریدنے کے معاہدوں کی منسوخی کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
چیئرمین تحریک انصاف (نظریاتی) اختر اقبال ڈار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آئی پی پیز سے بجلی مہنگے داموں خریدنے کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، مصطفی کمال، گوہر اعجاز رٹ پٹیشن میں ہمارا ساتھ دیں، آئی پی پیز سے معاہدے گھناؤنا گندا فعل ہیں جو پاکستان کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں۔
اختر اقبال ڈار نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان سے استدعا ہے کہ رٹ پٹیشن کو انسانی بنیادی حقوق مفاد عامہ اور پاکستان کے مقدمے کے طور پر فوری سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، آئی پی پیز کو ہونے والی کیپسٹی پیمنٹ پر بھی حکم امتناعی جاری کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : سینیٹ قائمہ کمیٹی نے آئی پی پیز معاہدوں کی اصل دستاویزات طلب کرلیں
انہوں ںے کہا کہ آئی پی پیز کو گارنٹی دینے، گارنٹی لینے والے بھی حکمران ہیں اور پاور پلانٹ لگانے والے بھی حکمران ہیں، سرکاری افسران کیلئے مفت بجلی، گیس اور پٹرول کے کلچر کو فوری ختم کیا جائے، آئی پی پیزتمام مالکان کو انصاف کےکٹہرے میں لاکر لوٹی ہوئی تمام رقم قومی خزانے میں واپس جمع کرائی جائے۔