[ad_1]
کراچی:
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا تفصیلی دورہ کیا، اور اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیش رفت کا معائنہ کیا۔
ایف ڈبلیو او کے حکام نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی، اس موقع پر ڈائریکٹر انفرااسٹرکچر پی سی بی اور مینجر نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم بھی موجود تھے۔
محسن نقوی نے اسٹیل اسٹرکچر پر مشتمل جدید طرز کی خوبصورت ترین عمارت کے فلورز کی فنشنگ کا بھی مشاہدہ کیا، اور ہدایت کی کہ رفتار کے ساتھ اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین پی سی بی نے ہدایت کی کہ شائقین کرکٹ کی سہولت کے لیے پارکنگ ایریا کو اسٹیڈیم کے قریب بنایا جائے، اور نئی بلڈنگ میں انکلوژرز بنانے کی بھی ہدایت کی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسٹیڈیم میں نئی ایل ڈی اے لائٹس لگائی جا رہی ہیں، شائقین کرکٹ تاریخ میں پہلی بار منفرد لیزر لائٹس شو سے بھی محظوظ ہو سکیں گے۔
ان کی ہدایت پر دونوں اسکور اسکرینز کو اب نشستوں سے اونچائی پر نصب کیا جائے گا، محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسکرینز اونچائی پر نصب ہونے سے شائقین کو میچ دیکھنے میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
پی سی بی چیئرمین محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے پہلے اپ گریڈیشن پراجیکٹ کی تکمیل کے لیے مزید محنت سے کام جاری رکھا جائے۔ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے تیاریاں مکمل ہیں، پاکستان کے ساتھ بیرون ممالک سے آنے والے شائقین کرکٹ اس بار پہلے سے زیادہ سہولتوں کے ساتھ میچ دیکھیں گے۔
[ad_2]
Source link