[ad_1]
یو اے ای نے ہندوستان کے سامنے 138 رنوں کا ہدف رکھا تھا، جواب میں سلامی بلے بازوں ویبھو سوریہ ونشی کے ناٹ آؤٹ 76 رن اور آیوش مہاترے کے ناٹ آؤٹ 67 رنوں کی بدولت 17ویں اوور میں ہی جیت مل گئی۔
انڈر-19 ایشیا کپ کرکٹ میں آج ہندوستانی ٹیم نے یو اے ای کے خلاف 10 وکٹ سے جیت حاصل کر سیمی فائنل میں انٹری کر لی ہے۔ اس جیت کو آسان بنایا ہندوستان کے دونوں سلامی بلے بازوں ویبھو سوریہ ونشی اور آیوش مہاترے نے جنھوں نے بغیر کسی نقصان کے 138 رنوں کا ہدف حاصل کر لیا۔ اس میں بھی 13 سالہ ویبھو نے طوفانی 76 رن بنائے اور ثابت کر دیا کہ راجستھان رائلز نے انھیں 1.10 کوڑ روپے میں خرید کر کوئی غلطی نہیں کی ہے۔
آج ٹاس یو اے ای کے کپتان ایان خان نے جیتا اور پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے یو اے ای کے بلے باز کچھ خاص مظاہرہ نہیں کر سکے۔ محمد ریان نے سب سے زیادہ 35 اور اکشت رائے نے 26 رنوں کا تعاون کیا۔ علاوہ ازیں ایتھن ڈیسوزا نے 17 اور ادیش سوری نے 16 رنوں کی اننگ کھیلی۔ باقی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ سکے۔ کسی طرح یو اے ای کی ٹیم 44 اوورس میں 137 رن بنا سکی اور پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
ہندوستان کی طرف سے گیندبازی میں یدھجیت گوہا نے 7 اوورس میں 15 رن دے کر سب سے زیادہ 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ چیتن شرما (8 اوورس میں 27 رن) اور ہاردک راج (10 اوورس میں 28 رن) کو 2-2 وکٹ ملے۔ کارتیکے نے 10 اوورس میں 24 رن دے کر 1 وکٹ اور آیوش مہاترے نے 5 اوورس میں 19 رن دے کر 1 وکٹ حاصل کیا۔ سمرتھ ناگراج (3 اوورس میں 15 رن) اور نکھل کمار (1 اوور میں 4 رن) وکٹ سے محروم رہے۔
جب ہندوستان کی بلے بازی شروع ہوئی تو دونوں سلامی بلے باز ویبھو سوریہ ونشی اور آیوش مہاترے گیندبازوں پر پوری طرح حاوی دکھائی دیے۔ ان دونوں نے سبھی گیندبازوں کی دھنائی کی اور اس کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ سب سے کفایتی رہنے والے گیندباز ہرش دیسائی نے بھی 3 اوورس میں 21 رن لٹا دیے۔ سب سے زیادہ مہنگے ادیش سوری رہے جنھوں نے 3.1 اوورس میں 35 رن خرچ کیے۔ 138 رنوں کا ہدف ہندوستان نے محض 16.1 اوورس میں ہی بغیر کوئی وکٹ گنوائے حاصل کر لیا۔ ہندوستان کو جب جیت کے لیے ایک رن کی ضرورت تھی تو ویبھو نے چھکا لگا دیا، یعنی ہندوستان کا اسکور 143 پہنچ گیا۔ ویبھو نے 6 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 46 گیندوں پر 76 رن بنائے، جبکہ آیوش نے 4 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 51 گیندوں میں 67 رن کا تعاون کیا۔ آیوش مہاترے کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا، کیونکہ انھوں نے 1 وکٹ بھی حاصل کیا۔
گزشتہ 2 میچوں میں کچھ خاص کارکردگی نہ کرنے والے ویبھو سوریہ ونشی نے آج پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر اپنا رخ واضح کر دیا تھا۔ ویبھو کو یو اے ای کے ایک گیندباز نے آنکھیں بھی دکھائیں، لیکن اس سے ویبھو نے مزید جارحانہ رخ اختیار کر لیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اگلی 10 گیندوں پر ویبھو 4 چھکے لگا چکے تھے۔ اس کم عمر بلے باز نے محض 32 گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ انڈر-19 ایشیا کپ میں ویبھو کی یہ پہلی نصف سنچری ہے۔
آج کے میچ میں ویبھو کو دوسرے اوور کی دوسری گیند پر اسٹرائک ملی تھی اور انھوں نے علی اصغر کی اس گیند پر سلوگ سوئپ شاٹ کھیل کر چھکا لگایا تھا۔ یہ چھکا اتنا لمبا تھا کہ کمنٹیٹرس بھی حیران رہ گئے۔ اس کے بعد ویبھو نے اننگ کا تیسرا اوور پھینکنے آئے ایان خان کی تیسری اور پانچویں گیند پر 2 بڑے چھکے لگائے۔ چوتھے اوور میں پھر ویبھو نے ایک بڑا شاٹ کھیل کر چھکا لگایا۔ ویبھو یوں تو محض 13 سال کے ہیں، لیکن انھوں نے جو بھی چھکے لگائے وہ 80 سے 90 میٹر کے درمیان تھے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے بازوؤں میں بہت طاقت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ویبھو گزشتہ 2 میچوں میں کھل کر نہیں کھیل پائے تھے۔ پاکستان کے خلاف تو وہ محض ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے تھے، اور پھر جاپان کے خلاف 23 رن ہی بنا سکے تھے۔ حالانکہ یو اے ای کے خلاف آج جس طرح ویبھو نے بلے بازی کی، اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس کھلاڑی کو آئی پی ایل میں موقع ملا تو وہاں بھی طوفانی انداز دیکھنے کو مل سکتا ہے۔
[ad_2]
Source link