منگل کو پیش آئے تازہ معاملہ میں پیلی بھیت روڈ پر ایک کار گوگل میپ کی غلط رہنمائی کی وجہ سے نہر میں گر گئی۔ حادثے کے وقت کار میں 3 لوگ سوار تھے۔ کار میں سوار تینوں لوگوں کی جان بال بال بچ گئی۔
دورِ جدید میں گوگل میپ کا استعمال کرنا بہت عام بات ہے۔ حالانکہ اس کا استعمال کئی بار حادثے کی وجہ بنتا ہے اور غلط راستے پر جانے کا خطرہ بھی لگا رہتا ہے۔ اتر پردیش کے بریلی ضلع میں گوگل میپ کی غلط رہنمائی کا ایک تازہ معاملہ پیش آیا ہے جس کے سبب اندوہناک حادثہ ہو گیا۔ منگل کے روز پیش آئے اس حادثہ کے بارے میں بتایا جا رہا ہے کہ بریلی کے عزت نگر تھانہ علاقہ کے پیلی بھیت روڈ پر ایک کار گوگل میپ کی غلط جانکاری کی وجہ سے نہر میں گر گئی۔ کار میں 3 افراد سوار تھے اور تینوں کی جان بال بال بچ گئی۔ حادثہ کی اطلاع ملنے کے ساتھ ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی۔ پولیس نے کرین کی مدد سے کار کو نہر سے نکالا۔ اس سے قبل بھی 24 نومبر کو گوگل میپ کی جانب سے دی گئی غلط جانکاری کے سبب حادثہ پیش آیا تھا۔ اس وقت تو 3 لوگوں کی موت بھی واقع ہو گئی تھی۔
تازہ حادثہ کے متعلق جانکاری دیتے ہوئے عزت نگر تھانہ انچارج دھننجے پانڈے نے بتایا کہ اوریّا کے رہنے والے دویانشو اور ان کے 2 ساتھی اپنی ٹاٹا ٹیگور سے نکلے تھے۔ وہ سیٹلائٹ گوگل میپ کے سہارے پیلی بھیت جا رہے تھے۔ کلاپور نہر نے گاؤں برکاپور تراہا کے پاس سڑک کاٹ دی ہے۔ اس وجہ سے کار نہر میں پلٹ گئی۔ کار میں سوار تینوں لوگ کسی طرح جان بچانے میں کامیاب ہو گئے۔ بعد ازاں کار کو کرین کی مدد سے باہر نکلوایا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ 24 نومبر کو یوپی کے بریلی ضلع میں گوگل میپ کے ذریعہ غلط رہنمائی کی وجہ سے دردناک حادثہ پیش آیا تھا۔ اس واقعہ میں 3 لوگوں کی موت ہو گئی تھی۔ دراصل بدایوں کے داتا گنج سے بریلی کے فرید پور جانے والے راستے میں موڑا گاؤں کے پاس ایک پُل بنا ہوا ہے جو ادھورا ہے۔ 24 نومبر کو کار میں سوار 3 لوگ گوگل میپ کا سہارا لے کر آگے بڑھتے گئے اور پُل ختم ہوتے ہی گاڑی 20 فٹ نیچے جا گری۔ اس حادثہ میں کار میں سوار تینوں افراد کی موت ہو گئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔