[ad_1]
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف نے اسلام آباد میں لشکر سے نمٹنے کیلیے بھرپور تعاون فراہم کیا، سیکیورٹی اداروں نے بہت اچھی حکمت عملی سے دھرنے کا خاتمہ کیا اور عوام کو سکون میسر ہوا، یہ فسادی اور ترقی کے مستقل دشمن ہیں، آج کے بعد ان کو مزید موقع نہیں دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا رہا، اسلام آباد میں تحریک انتشار برپا کی گئی، صرف ایک دن میں فسادیوں کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ نے غوطہ کھایا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 2014 سے پہلے اسلام آباد پر چڑھائی کا تصور نہیں تھا، فسادیوں کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی، گزشتہ روز فسادیوں کی وجہ سے اسٹاک مارکیٹ نیچے گئی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد زخمی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ ہمیں کس طرف جانا ہے، دنیا بھر میں سرمایہ کاری وہاں ہوتی ہے جہاں امن ہو۔
شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پرتشدد احتجاج کی بنیاد رکھی، شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کانفرنس کے موقع پر بھی احتجاج کی کال دی گئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملکی ترقی اور خوشحالی کا راستہ اپنانا ہے، ملکی ترقی کے لیے سخت فیصلے کرنے ہوں گے کہ معیشت بہتر کرنی ہے یا آئے دن دھرنوں کا سامنا کرنا ہے۔
[ad_2]
Source link