[ad_1]
اسلام آباد:
چین نے بڑھتی پاک افغان کشیدگی کے خاتمے کیلیے سفارتی کوشش شروع کر دی۔
سفارتی ذرائع کے مطابق سینئر چینی سفارتکار اور افغانستان کیلیے چین کے خصوصی نمائندے یوژیاؤیونگ نے دورہ اسلام آباد کے فوری بعد کابل پہنچے جہاں انھوں نے افغان نائب وزیراعظم مولوی عبدالکبیر، وزیر دفاع ملا یعقوب اور دیگر حکام سے ملاقاتیں کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد میں قیام کے دوران پاکستانی حکام نے سینئر چینی سفارت کارکوکالعدم ٹی ٹی پی اور دیگر دہشت گرد گروپوں کی جانب سے خطرے پر بریفنگ دی، اور واضح کیا کہ اس خطرے کے سدباب کے بغیر کابل کیساتھ روابط میں پیش رفت نہیں ہو سکتی۔
ذرائع نے بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ سینئر چینی سفارتکار کا دورہ کابل و اسلام آباد بڑھتی پاک افغان کشیدگی ختم کرانے کی نئی چینی کوشش کا حصہ ہے۔
افغان نائب وزیراعظم آفس نے ایک بیان میں تسلیم کیا کہ چینی خصوصی نمائندے کیساتھ بات چیت کا ایک اہم موضوع پاک افغان روابط تھے۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چینی نمائندے یوژیاؤیونگ نے پاکستان، افغانستان اور چین کے مابین روابط کے فروغ اور مفاہمت کی اہمیت پر زور دیا۔
اس پر نائب وزیراعظم نے چینی نمائندے کو یقین دلایا کہ ملکی معیشت اور علاقائی تعاون کا فروغ کابل کی اولین ترجیحات ہیں۔
مبصرین کے مطابق چین اسلام آباد اور کابل کے مابین تمام مسائل کے فوری حل کا متمنی ہے، چین نے ماضی میں بھی ٹی ٹی پی کے مسئلے پر دونوں ہمسایوں کے مابین ڈیل کرانے کی کوشش کی جوکہ ناکام رہی تھی۔
[ad_2]
Source link