دہلی چیف الیکٹورل افسر کرشن مورتی نے کہا کہ دعویٰ اور اعتراضات کئی ذرائع سے بہ آسانی درج کرائے جا سکتے ہیں، آن لائن الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ووٹر پورٹل پر بھی ترمیم و اضافہ کی سہولت ہے۔
دہلی چیف الیکٹورل افسر پی. کرشن مورتی
دہلی چیف الیکٹورل افسر پی. کرشن مورتی
نئی دہلی: دہلی میں اسمبلی انتخاب آئندہ سال یعنی 2025 میں ہونا ہے۔ اس تعلق سے ووٹر لسٹ میں رد و بدل کی کارروائی شروع ہو چکی ہے۔ دہلی کے چیف الیکٹورل افسر پی. کرشن مورتی نے مطلع کیا ہے کہ کوالیفائنگ تاریخ کی شکل میں یکم جنوری 2025 سے متعلق ووٹر لسٹ کا ’اسپیشل سمری ریویو‘ (ایس ایس آر) 29 اکتوبر 2024 کو شروع ہو چکا ہے۔ یہ عمل سبھی 70 اسمبلی حلقوں میں فعال طریقے سے جاری ہے۔ انھوں نے یہ بھی مطلع کیا کہ قومی راجدھانی دہلی کے شہری 6 جنوری 2025 کو حتمی ووٹر لسٹ کی اشاعت کی تیاری کے لیے انتخابی ریکارڈ میں اضافہ، حذف یا ترمیم کے لیے دعویٰ اور اعتراضات 28 نومبر 2024 تک پیش کر سکتے ہیں۔ حالانکہ اپڈیٹنگ کا عمل 28 نومبر 2024 کے بعد بھی جاری رہے گا۔
کرشن مورتی کا کہنا ہے کہ دہلی کے شہری کوئی بھی دعویٰ یا اعتراض کئی چینلوں کے ذریعہ آسانی سے درج کرا سکتے ہیں۔ مثلاً آن لائن درخواستیں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ووٹر پورٹل https://voters.eci.gov.in کے ذریعہ سے یا ووٹر ہیلپ لائن ایپ اور سکشم ایپ (معذوروں کے لیے) کے ذریعہ سے منظور کی جاتی ہیں۔ اس کے علاوہ فارم نامزد ووٹر سنٹرس پر آف لائن جمع کیے جا سکتے ہیں۔
کرشن مورتی نے بتایا کہ ایس ایس آر عمل کے تحت عوامی شراکت داری کو سہولت آمیز بنانے کے لیے دہلی کے این سی ٹی میں سبھی پولنگ مراکز پر خصوصی مہم چلائی جا رہی ہے۔ گزشتہ 9 اور 10 نومبر کو منعقد مہموں کے پہلے دور میں اَپڈیٹ کے لیے اپنے فارم جمع کرنے والے شہریوں میں زبردست جوش دیکھنے کو ملا۔ اب خصوصی مہم کا اگلا دور 23 اور 24 نومبر 2024 کو مقرر ہے۔ کرشن مورتی نے عوام سے ان مہموں میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لینے کی گزارش کی تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ ان کی تفصیلات ووٹر لسٹ میں درست ہوں۔