اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ میں دہشت گردی کے واقعے کی پُر زور مذمت کرتے ہوئے شہید جوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہمارے جوانوں نے بروقت کارروائی کر کے قوم کو بڑے نقصان سے بچا لیا، پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں کی قربانی پر فخر ہے۔
آصف علی زرداری نے بنوں کینٹ میں دہشت گردی کی کارروائی ناکام بنانے پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔
صدر مملکت نے شہداء کیلئے بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
واضح رہے کہ بنوں چھاؤنی پر خودکش حملے میں پاک فوج کے 8 جوان شہید ہو گئے جب کہ جوابی کارروائی میں 10 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 15 جولائی کی صبح 10 دہشت گردوں کے ایک گروہ نے بنوں چھاوٴنی پر حملہ کیا اور چھاوٴنی میں داخل ہونے کی کوشش کی، جسے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے ناکام بنا دیا۔
حملے کے دوران دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی چھاوٴنی کی دیوار سے ٹکرا دی، اس خودکش دھماکے کے نتیجے میں دیوار کا ایک حصہ گر گیا اور ملحقہ انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچا۔