عمر عبد اللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ ’’وادی کے فنکاروں کو ایک نئی سمت ملی ہے اور حکومت فلم انڈسٹری سے منسلک لوگوں کو اپنی کھوئی ہوئی پہچان کو واپس دلانے میں ہر ممکن کوشش کرے گی۔‘‘
علامتی تصویر
جموں و کشمیر میں ایک بار پھر فلم انڈسٹری کی واپسی ہونے والی ہے۔ سینما گھروں اور تھیٹر میں پہلے کی طرح چہل پہل نظر آنے والے حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ 90 کی دہائی میں جموں و کشمیر میں سینما گھروں اور تھیٹروں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ کئی سینما گھروں پر حملہ کیا گیا تھا اور کئی ایک کو آگ کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ سے وہاں کے مقامی فنکاروں کا کام ٹھپ ہو گیا اور وہ بے روز گاری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے۔
مرکز کے زیر انتظام علاقہ بننے کے بعد نئی فلم پالیسی کے تحت یہاں پھر سے سینما اور تھیٹر کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ اس سے پہلے کی طرح رونق اور چہل پہل دیکھنے کو ملے گی۔ یہاں کے مقامی فنکاروں کو روز گار ملے گا، ساتھ ہی انہیں اپنی اداکاری کا جوہر دکھانے کا بھی موقع ملے گا۔ سری نگر میں پہلی بار آئی این او ایکس سینما تھیٹر میں پہلی بار فلم ’کایا پلٹ‘ کا پریمیر لانچ کیا گیا۔ اس قدم کو یہاں کے مقامی فنکاروں نے تاریخی بتایا ہے۔
فلم ’کایا پلٹ‘ کے پروڈیوسر طارق خان کا ماننا ہے کہ وہ اس فلم کے ذریعہ یہاں کے حالات اور خوبصورتی کو دکھانے کے ساتھ ساتھ ایک پیغام بھی دینا چاہتے ہیں۔ کئی دہائیوں سے سیاسی مسائل کی وجہ سے کشمیر کے تھیٹر خاموش رہے ہیں، لیکن اس پریمیر نے اس خاموشی کو توڑ دیا ہے۔ کیونکہ ’کایا پلٹ‘ کی ٹیم نے فخر کے ساتھ اپنی فلم کو اس خطے میں لانچ کیا، جو اب بالی ووڈ اور عالمی سنیما کے لیے ایک بار پھر سے کھل رہا ہے۔ ’کایا پلٹ‘ کی اسکریننگ کشمیر کے ثقافتی منظر نامے کے لیے امید کی ایک شمع ہے۔
فلم ’کایا پلٹ‘ کے پریمیئر پر جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبد اللہ کے مشیر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ ’’وادی کے فنکاروں کو ایک نئی سمت ملی ہے اور حکومت فلم انڈسٹری سے منسلک لوگوں کو اپنی کھوئی ہوئی پہچان کو واپس دلانے میں ہر ممکن کوشش کرے گی۔‘‘ ناصر نے آگے کہا کہ ’’فلم ’کایا پلٹ‘ نے یہاں کے ابھرتے ہوئے فنکاروں میں ایک نیا جوش پیدا کر دیا ہے۔ مرکز کے زیر انتظام علاقہ بننے کے بعد یہاں تھیٹر کے پردے پر فنکاروں کو اپنی فلمیں دکھانے کا موقع بھی مل رہا ہے جو اس سے پہلے ناممکن تھا۔ کیونکہ وادی میں دہشت گردانہ سرگرمیاں اپنے عروج پر تھیں۔‘‘
راحت کاظمی فلم اسٹوڈیو، طارق خان فلمز، تیرا انٹرٹینمنٹ، زیبا ساجد فلمز اور الفا پروڈکشنز کی جانب سے فلم ’کایا پلٹ‘ پروڈیوس کیا گیا ہے۔ یہ فلم اپنی کہانی کے حوالے سے شروع سے ہی موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔ بالی ووڈ اداکارہ ہیلی شاہ نے کہا کہ یہ ان کے لیے تاریخی لمحہ ہے کہ ان کی فلم کا پریمیئر سری نگر میں ہو رہا ہے، جہاں 90 کی دہائی سے سینما اور تھیٹر پر تالے لگے تھے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔