[ad_1]
پرینکا گاندھی نے کہا کہ سیاسی اسباب کی بنیاد پر قدرتی آفات کے متاثرین کو الگ تھلگ چھوڑ دینا اور انھیں امداد نہ کرنا پوری طرح سے ناقابل قبول ہے۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے آج ایک بار پھر وائناڈ لینڈ سلائڈ واقعہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا اور اس بحران کو قومی آفت قرار نہ دیے جانے کو لے کر اپنی ناراضگی ظاہر کی۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر کیے گئے ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’وائناڈ میں تباہی پھیلانے والے لینڈ سلائڈ کے باوجود بی جے پی حکومت نے اسے قومی آفت قرار دینے سے انکار کر دیا۔ اس واقعہ میں متاثر لوگوں کے لیے ضروری امداد دینے سے منع کر دیا گیا۔ یہ صرف غفلت کا معاملہ نہیں ہے، بلکہ ان لوگوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے جنھیں لینڈ سلائڈ کی وجہ سے ناقابل تصور نقصان اٹھانا پڑا۔ وائناڈ کے لوگ اس سے بہتر کے حقدار ہیں۔‘‘
اس پوسٹ میں پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کا تذکرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’پی ایم مودی نے لینڈ سلائڈ سانحہ کے وقت وائناڈ کا دورہ کیا تھا۔ انھوں نے اس آفت کے اثرات کو خود دیکھا تھا، پھر بھی ان کی حکومت سیاست کر رہی ہے اور ضروری امداد کو روک رہی ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتی ہیں کہ ’’ہماچل پردیش کی عوام کے ساتھ بھی ایسا ہی کیا گیا جب تھا جب وہ بہت مشکل میں تھے۔ ماضی میں ایسے شدید سانحات پر سیاست نہیں کی جاتی تھی۔‘‘
اپنے پوسٹ کے آخر میں پرینکا گاندھی نے لکھا ہے کہ ’’سیاسی اسباب کی بنیاد پر قدرتی آفات کے متاثرین کو الگ تھلگ چھوڑ دینا اور انھیں امداد نہ کرنا پوری طرح سے ناقابل قبول ہے۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی وائناڈ پارلیمانی حلقہ کے لیے ہوئے ضمنی انتخاب سے قبل انتخابی تشہیر کے دوران بھی یہ معاملہ اٹھاتی رہی تھیں۔ وہ اکثر اپنی تقریروں میں یاد کرتی تھیں کہ وائناڈ لینڈ سلائڈ متاثرین کو مودی حکومت کے ذریعہ ضروری امداد نہیں کی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link