دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے کہا کہ یاترا میں خواتین و نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں، گاؤں والوں اور جھگی والوں کے مسائل پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔
دہلی نیائے یاترا کے دوران عوام سے ملاقات کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو
دہلی نیائے یاترا کے دوران عوام سے ملاقات کرتے ہوئے دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو
نئی دہلی: عآپ اور بی جے پی کی بدتر حکمرانی، بدعنوانی اور ناانصافی کے خلاف دہلی کی عوام کو انصاف دلانے کے لیے نکالی جا رہی ’دہلی نیائے یاترا‘ کا آج چوتھا دن تھا۔ آج دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے حیدر پور گاؤں، شالیمار باغ اسمبلی حلقہ میں یاترا شروع کرنے سے قبل قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر انھوں نے کہا کہ راجدھانی میں مہنگائی اور بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے جس پر کنٹرول کرنے میں بی جے پی اور عآپ پوری طرح سے ناکام ثابت ہوئی ہے۔ نیائے یاترا کے ذریعہ دہلی والوں کی پریشانیوں کو عوام کے ساتھ مل کر، تبادلہ خیال کے ساتھ، ان کی حمایت سے ختم کرنے کا راستہ ہموار کیا جائے گا۔
آج ’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران کانگریس کارکنان ’دہلی کی للکار، چاہیے کانگریس کی سرکار‘ نعرہ بلند کرتے ہوئے نظر آئے۔ دیویندر یادو نے ان نعروں کے درمیان کہا کہ دہلی کی عوام تبدیلی چاہتی ہے اور 2025 اسمبلی انتخاب میں عآپ کو مسترد کر کانگریس کی حکومت بنانے کا راستہ ہموار ہو رہا ہے۔ پرچم کشائی تقریب کے دوران دہلی کانگریس سیوا دل کی ٹیم روزانہ پوری سرگرمی سے کانگریس کی تاریخی روایت کے مطابق اور اصولوں کے تحت دہلی نیائے یاترا کو کامیاب بنانے میں اہم کردار نبھا رہی ہے۔ آج کی یاترا کا اختتام ماڈل ٹاؤن اسمبلی حلقہ میں گوجرانوالہ ٹاؤن میں ہوا۔ یاترا کے دوران راستے میں پرنے والے مندر، مسجد، گرودوارہ، چرچ سبھی میں دعائیہ جلسہ کر کے دیویندر یادو نے پریشان اور مظلوم دہلی والوں کی خوشحالی و ترقی کی تمنا ظاہر کی۔
آج، 11 نومبر 2024 کو دہلی نیائے یاترا شالیمار باغ اسمبلی حلقہ کے حیدر پور گاؤں سے شروع ہوتے ہوئے شالیمار باغ گاؤں، سنجے نگر، مہندر پارک چوک آدرش نگر، مین روڈ جہانگیر پوری، جھیل والا پارک، مین روڈ بادلی، بھلسوا گاؤں، جے بلاک روڈ، منگل بازار چوک، بی سی بلاک مارکیٹ، کے بلاک لوہے والا گیٹ، کے بلاک گیس ایجنسی بھلسوا چوک، کے بلاک آئی ٹی آئی جھگی، سی بلاک سبزی منڈی، کشل سنیما جہانگیر پوری، سی بلاک آدرش نگر، کشل سنیما، منگل بازار چوک، شاہ عالم باندھ روڈ، جی ٹی روڈ، راج بابو روڈ، نہرو روڈ، مین بازار آریہ سماج روڈ، لیبر چوک، کیول پارک آدرش نگر، لال باغ مسجد ماڈل ٹاؤن، وجئے سنیما اسٹیڈیم روڈ، پینٹامنٹ اسپتال ہوتے ہوئے گوجرانوالہ ٹاؤن پر نیائے یاترا کا اختتام ہوا۔ کانگریس جنگجوؤں نے دہلی نیائے یاترا کی تقریباً 25 کلومیٹر دوری آج شالیمار باغ اسمبلی حلقہ، آدرش نگر اسمبلی حلقہ، بادلی اسمبلی حلقہ اور ماڈل ٹاؤن اسمبلی حلقہ میں طے کی۔
اس موقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ یاترا میں خواتین و نوجوان بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ گاؤں والوں اور جھگی والوں کے مسائل پر تبادلہ خیال ہو رہا ہے۔ صنعتی علاقہ کی ایسو سی ایشن بھی یاترا میں پیش پیش ہے۔ اس یاترا میں عوام کے بڑھ چڑھ کر شریک ہونے سے ثابت ہو گیا ہے کہ یاترا کو یقیناً بے مثال حمایت مل رہی ہے، لوگ اپنے مسائل بھی سامنے رکھ رہے ہیں۔ دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ ہمیں خوشی بھی ہوتی ہے اور درد بھی ہوتا ہے۔ جس امید کے ساتھ لوگوں نے بی جے پی اور عآپ کو منتخب کیا تھا، وہ امید پوری طرح سے ختم ہو چکی ہے۔ یاترا کے دوران کچھ مقامات پر کوڑے کے ڈھیر بھی نظر آئے جس پر فکر ظاہر کرتے ہوئے دیویندر یادو نے کہا کہ حکومتیں پوری طح سے ناکام ثابت ہوئی ہیں۔
دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ آج بے روزگار بڑا مسئلہ ہے اور یو پی اے حکومت میں وزیر رہے اجئے ماکن نے جو وینڈنگ پالیسی بنائی تھی تاکہ دہلی کے 5 لاکھ سے زیادہ ریہڑی پٹری والوں کی روزی روٹی چل سکے اور انھیں کارپوریشن، پولیس و انتظامیہ پریشان نہ کر سکے، اس پر کوئی کام نہیں ہو رہا۔ گزشتہ 11 سالوں میں وینڈنگ پالیسی پر کوئی کام نہ کرنے والے سابق وزیر اعلیٰ نے 3 دن قبل یہاں آ کر کہا کہ حکومت نے ویڈنگ پالیسی جاری کر دی ہے۔ میں پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیجریوال کب تک عوام کے درمیان جھوٹ بولیں گے۔ انھوں نے کہا کہ وینڈنگ پالیسی نافذ ہونے کے بعد لوگوں کو روزگار ملے گا، نوجوان شراب کی طرف نہیں جائیں گے، مہنگائی پر بھی قانو ہو سکے گا۔ دہلی میں اس وقت مہنگائی سب سے زیادہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔