[ad_1]
کراچی: شہر قائد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف لیاقت آباد اور ناظم آباد کے شہریوں نے احتجاج کیا اور مظاہرین نے سڑکیں ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلا ف ناظم آباد کے عوام سڑکوں پر نکل آئے اور ناظم آباد نمبر 2 حکیم ابن سینا روڈ کے قریب سڑک ٹریفک کے لیے بند کردیا، مظاہرین میں بڑی تعداد میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے۔
مظاہرین نے کے-الیکٹرک اور حکومت کے خلاف نعرے بازی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا، مظاہرے کے باعث ناظم آباد سے سائٹ ایریا آنے اور جانے والے دونوں ٹریکس پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔
ادھر لیاقت آباد کے مکینوں نے پانی کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کیا اور سڑک ٹریفک کے لیے جام کردیا، مشتعل مظاہرین نے سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر دیں اور ٹائر بھی نذر آتش کیے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ 10 روز سے علاقے میں پانی کی فراہمی معطل ہے، روزانہ افسران کی جانب سے آج کل کرتے کرتے 10 روز گزار دیے ہیں، 10 روز سے گھروں میں پانی نہیں آرہا ہے، پانی کی عدم فراہمی کے باعث علاقے سے نقل مکانی کا سوچ رہے ہیں کیونکہ گھروں میں پینے اور برتن دھونے تک کا پانی میسر نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسران کی بار بار کی یقین دہانیوں سے تنگ آکر مجبوراً گرمی میں سڑک پر بیٹھے ہیں، علاقے میں پانی کی لائنوں میں خرابی کا بتایا گیا تھا جو افسران کی جانب سے ٹھیک کردیا گیا ہے لیکن اس کے بعد بھی پانی کی فراہمی تاحال معطل کی ہوئی ہے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک علاقے کو پانی کی فراہمی یقینی نہیں بنائی جاتی احتجاج جاری رہے گا، بار بار موٹریں چلا چلا کر ذہنی اذیت میں مبتلا ہوچکے ہیں، پوری پوری رات اٹھ کر موٹریں چلا کر پانی چیک کرتے ہیں لیکن لائنوں میں پانی نہیں آرہا ہے۔
مظاہرین نے ایم ڈی واٹر بورڈ، وزیر بلدیات اور مئیر کراچی سے علاقے میں پانی کی فراہمی بنانے کی اپیل کی، بعد ازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین سےبات چیت کی اور پولیس کی یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے اور پولیس نے سڑک پر ٹریفک بحال کروادیا۔
[ad_2]
Source link