ممبئی: بالی ووڈ کے شہنشاہ اور لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ماضی میں سگریٹ اور شراب نوشی کرنے کے ساتھ گوشت بھی کھاتے تھے۔
بھارتی میڈیا پر امیتابھ بچن کا کئی سال پُرانا انٹرویو ایک بار پھر شائع کیا گیا ہے جس میں اُنہوں نے ماضی کی اپنی عادات کے بارے میں کُھل کر بات چیت کی تھی۔
امیتابھ بچن نے کہا تھا کہ میں نہ سگریٹ پیتا ہوں، نہ شراب نوشی کرتا ہوں اور نہ ہی گوشت کھاتا ہوں، میں نے اپنی یہ عادات مذہب کی وجہ سے نہیں بنائیں بلکہ میری اپنی ذاتی پسند ہے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ میرے والد سبزی خور تھے لیکن میری والدہ گوشت بھی کھاتی تھیں، اسی طرح میری اہلیہ جیا گوشت کھاتی ہیں لیکن میں گوشت نہیں کھاتا کیونکہ مجھے اس کا ذائقہ پسند نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ جوانی میں میری عادات بالکل مختلف تھیں، میں سگریٹ بھی پیتا تھا، شراب نوشی بھی کرتا تھا اور گوشت بھی کھاتا تھا۔
مزید پڑھیں: عامر خان نے امیتابھ کی شادی کا 51 سال پُرانا کارڈ کیوں سنبھال کر رکھا؟
امیتابھ بچن کا کہنا تھا کہ جب میں کولکتہ میں مقیم تھا تو ایک دن میں 200 سگریٹ پیتا تھا اور یہ میرے لیے عام سی بات تھی لیکن پھر ممبئی منتقل ہونے کے بعد، میں نے سگریٹ اور شراب نوشی کی عادات ترک کردی تھیں اور پھر والد کی طرح سبزی خور بن گیا تھا۔
اداکار کا یہ بھی کہنا تھا کہ گوشت کھانے کی عادت چھوڑنے پر تھوڑی مشکل یہ ہوئی کہ میں جب بیرون ملک شوٹنگ پر ہوتا ہوں تو میرے لیے سبزی خور کھانا تلاش کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن کے والد ہری ونش رائے بچن ہندی زبان کے مشہور شاعر تھے، اُنہیں 1976 میں پدم بھوشن سے نوازا گیا جبکہ اداکار کی والدہ تیجی بچن سکھ خاندان سے تعلق رکھنے والی سماجی کارکن تھیں۔