پون کھیڑا نے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نظامِ قانون پوری طرح نیست و نابود ہو چکا ہے۔ اگر کوئی شہری حکومت سے سوال پوچھتا ہے تو اسے جواب دینے کی جگہ مقدمہ جھیلنا پڑتا ہے۔
تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
’’کیا پنجاب کی عآپ حکومت ان عناصر کے ساتھ ملی ہوئی ہے، جو پنجاب کے امن کو برباد کر رہے ہیں؟‘‘ یہ سوال آج پنجاب کے امرتسر میں کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا اور پنجاب ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر امرندر سنگھ راجہ وڈنگ نے ایک پریس کانفرنس میں میں اٹھایا۔ ان دونوں نے عآپ کی پنجاب حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ریاست کے نظامِ قانون اور پولیس کے طریقہ کار کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ ساتھ ہی حکومت پر اپوزیشن کو دبانے کی مبینہ کوششوں پر سنگین سوالات بھی اٹھائے۔
پون کھیڑا نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نظامِ قانون پوری طرح سے نیست و نابود ہو چکا ہے۔ اگر کوئی شہری حکومت سے سوال پوچھتا ہے تو اسے جواب دینے کی جگہ مقدمہ جھیلنا پڑتا ہے۔ کھیڑا طنز کستے ہوئے کہا کہ ’’یہ آخر کیا ظاہر کرتا ہے؟ کیا حکومت ان عناصر کے ساتھ ملی ہوئی ہے جو پنجاب کا امن خراب کر رہے ہیں؟‘‘ انھوں نے عآپ پر اپنی ہی پارٹی کے اندر کی سرگرمیوں سے انجان ہونے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ اپوزیشن کو عآپ کے اندر کی خبریں زیادہ پتہ ہیں۔
کھیڑا نے پنجاب کے وقار کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’پنجاب نہ پہلے کبھی دہلی کے آگے جھکا ہے، نہ اب جھکے گا۔‘‘ اس موقع پر امرندر سنگھ راجہ وڈنگ نے پنجاب میں بڑھتے مجرمانہ واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے حکومت کی ناکامی پر سوال اٹھائے۔ انھوں نے ننگل امبیا قتل واقعہ، سدھو موسے والا کے قتل اور ایک ڈی ایس پی کا گولی مار کر قتل کیے جانے جیسے معاملوں کا تذکرہ کیا۔
وڈنگ کا کہنا ہے کہ ’’جب حکومت کو اتنی بڑی وارداتوں کی پہلے سے کوئی جانکاری نہیں ہوتی، تو یہ حکومت کیا کر رہی ہے؟ اگر ان کی انٹیلیجنس اپوزیشن لیڈران کی سرگرمیوں کا پتہ لگا سکتی ہے تو جرائم روکنے میں کیوں ناکام ہے؟‘‘ انھوں نے حکومت پر اپوزیشن کو دبانے کا سنگین الزام بھی عائد کیا اور کہا کہ اس طرح کے استحصال سے کانگریس کی آواز کبھی نہیں رکے گی۔
وڈنگ نے عآپ حکومت پر بابا صاحب امبیڈکر کے نظریات کے ساتھ ڈھونگ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’یہ حکومت بابا صاحب کی تصویریں تو لگاتی ہے، لیکن ان کی سوچ اور نظریات پر عمل نہیں کرتی۔ یہ صرف لوگوں کو گمراہ کرنے کا ڈھکوسلا ہے۔ ٓٓنے والے وقت میں بابا صاحب کے سچے مرید اور شہیدوں کا احترام کرنے والے لوگ اس حکومت کو اقتدار سے ہٹائیں گے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’پنجاب کی عوام اب عآپ حکومت کی ناکامیوں سے تنگ آ چکی ہے۔ عوام جلد ہی تبدیلی کے لیے کانگریس کی حمایت کرے گی۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔