
عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے چندی گڑھ میں میڈیا سے بات کی۔ اس دوران انہوں نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ پر پارٹی کی تصویر کو واضح کیا۔
تصویر بشکریہ آی اے این ایس
تصویر بشکریہ آی اے این ایس
پنجاب میں حزب اختلاف مسلسل یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ وزیر اعلیٰ بھگونت مان کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا۔ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے ان دعووں کو یکسر مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بھگونت مان وزیر اعلی کے طور پر اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریں گے۔ اپوزیشن کے دعوؤں پر سوالوں کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے میڈیا سے کہا کہ آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے کل یعنی16 مارچ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ تاہم، کیجریوال نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں منشیات کی لت اور بدعنوانی سب سے بڑی پریشانی ہے۔ اروند کیجریوال اور پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے اتوار کو امرتسر کے گولڈن ٹیمپل میں ریاست میں پارٹی کی حکومت کے تین سال مکمل ہونے کے موقع پر پوجا کی۔ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ کیجریوال پنجاب کے ہوشیار پور میں 10 روزہ وپاسنا مراقبہ سیشن مکمل کرنے کے بعد ہفتہ کو امرتسر پہنچے۔
کیجریوال کے ساتھ ان کی اہلیہ سنیتا کیجریوال اور پنجاب کے وزیر کلدیپ سنگھ دھالیوال سمیت عام آدمی پارٹی کے کئی رہنما گولڈن ٹیمپل میں موجود تھے۔ 2022 میں، عام آدمی پارٹی نے کل 117 اسمبلی سیٹوں میں سے 92 جیت کر پنجاب میں حکومت بنائی۔
کیجریوال نے امرتسر میں نامہ نگاروں سے کہا، “مان صاحب نے 16 مارچ 2022 کو پنجاب کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا۔ آج ہم یہاں گرو مہاراج کا آشیرواد لینے آئے ہیں۔ تین سالوں میں انہوں نے (گروؤں) نے ہماری رہنمائی کی اور ہمیں لوگوں کی خدمت جاری رکھنے کی طاقت دی۔ انہوں نے کہا کہ آج پنجاب کا سب سے بڑا مسئلہ منشیات کی لت اور کرپشن ہے۔ پنجاب کے تین کروڑ عوام منشیات اور بدعنوانی کے خلاف جنگ لڑنے کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں، یہ انصاف کی لڑائی ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ وہ خدا سے دعا کرتے ہیں کہ وہ انہیں طاقت دے تاکہ وہ پنجاب کے لوگوں کی خدمت جاری کر سکیں۔ عام آدمی پارٹی کے کنوینر نے کہا، “ہم یہاں پنجاب کے لوگوں کی خدمت کے لیے آئے ہیں، اقتدار کے لیے نہیں۔،
عام آدمی پارٹی کے سیاسی حریفوں کے دعووں کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ پنجاب کا وزیر اعلیٰ کوجلد ہی تبدیل کر دیا جائے گا، کیجریوال نے کہا، “مان صاحب پانچ سال پورے کریں گے، آپ کو فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے… وہ اگلے پانچ سال بھی پورے کریں گے۔”
گزشتہ ماہ، پنجاب کانگریس کے رہنما پرتاپ سنگھ باجوہ نے دعویٰ کیا تھا کہ عام آدمی پارٹی کے 32 ایم ایل اے ان کے ساتھ رابطے میں ہیں اور وفاداری تبدیلکرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ بھگونت مان بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رابطے میں ہیں۔
اس سے پہلے وزیر اعلی ٰ بھگونت مان نے دعویٰ کیا تھا کہ جو کام پچھلے تین سالوں میں ہوا ہے وہ پچھلے 70 سالوں میں بھی نہیں ہوا ہے۔ مان نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے نوجوانوں کو 52 ہزار سرکاری نوکریاں دی گئی ہیں اور ریاست میں منشیات اور کرپشن کے خلاف جنگ شروع ہو چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔