لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ حکامنے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے پہلے قذافی اسٹیڈیم کو جدید شکل دینے کے ساتھ نام بھی بدلنے کا منصوبہ بنا رکھا ہے۔
اس سے پہلے اکتوبر 2022 میں پانچ سالہ معاہدے کے تحت کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو نیشنل بینک اسٹیڈیم کا نام دیا جاچکا ہے، اب اسی طرز پر قذافی اسٹیڈیم کو بھی اسپانسرز کا نام دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: قذافی اسٹیڈیم اپ گریڈیشن پروجیکٹ پر رات گئے بھی کام جاری
ذرائع کے پی سی بی کی جانب سے ری نیمنگ قذافی اسٹیڈیم کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کرنے کے بعد چند اسپانسرز اداروں کی جانب سے دلچسپی ظاہر کی گئی ہے، ابتدائی کاغذی کارروائی مکمل ہوچکی تاہم حتمی منظوری ہونا باقی ہے۔
لاہور اسٹیڈیم کے نام سے پکارے جانے والے اس اسٹیڈیم کو 19 مارچ 1972 میں لیبیا کے اس وقت کے صدر معمر قذافی کے نام پر قذافی اسٹیڈیم کا نام دیا گیا ، اعلان اس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو نے ایک جلسے میں کیا تھا، 20 اکتوبر 2011کو معمر قذافی کا انتقال ہو گیا۔
اس کے بعد قذافی اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی مہم چلائی گئی جس کی بہت مخالفت سامنے آئی تھی، ان دنوں قذافی اسٹیڈیم کو نئی شکل دینے کے لیے تعمیراتی کام دن رات جاری ہے، پی سی بی کے سربراہ نے اس کیلیے 31 دسمبر کی ڈیڈلائن مقرر کررکھی ہے۔