دہلی چیف الیکٹورل افسر ایلس واز نے کہا کہ ’’ووٹ صرف ایک حق نہیں، بلکہ ایک ذمہ داری ہے، جو جمہوریت کی بنیاد کو مضبوط کرتی ہے، اس مہم کے ذریعہ سے ہم دہلی کے ہر اہل ووٹر کو ترغیب دینا چاہتے ہیں۔‘‘
نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخاب کی سرگرمیوں کے درمیان ووٹرس میں بیداری پیدا کرنے کے مقصد سے ایک اہم پیش قدمی دہلی چیف الیکٹورل افسر (سی ای او) کے ذریعہ کی گئی ہے۔ سی ای او آر. ایلس واز نے ایک خصوصی ڈیزائن میں تیار کیے گئے آٹو رکشہ کے بیڑے کو ہری جھنڈی دکھائی جو آج عوامی بیداری کے لیے مختلف سمت میں نکل چکے ہیں۔ یہ آٹو رکشہ دہلی کے سبھی 70 اسمبلی حلقوں میں جائیں گے اور ووٹنگ کی اہمیت کا پیغام پھیلائیں گے۔
سی ای او دہلی دفتر کے ذریعہ جاری ایک پریس بیانیہ میں بتایا گیا ہے کہ یہ آٹو رکشہ عوام میں صرف ووٹنگ کی اہمیت کا پیغام نہیں پہنچائیں گے، بلکہ شہریوں کو جمہوری عمل میں سرگرم شراکت داری کے لیے حوصلہ بھی بخشیں گے۔ اس مہم کے تحت 3000 سے زائد آٹو رکشہ تیار کیے گئے ہیں جو اپنے مشن پر آج سے ہی سرگرم ہو گئے ہیں۔
دہلی سی ای او کے ذریعہ کی گئی اس پیش رفت کا مقصد شہر کے ہر گوشے تک رسائی اور ووٹنگ کو ایک بنیادی جمہوری حق کی شکل میں اہمیت دینا ہے۔ اس تعلق سے اپنی رائے ظاہر کرتے ہوئے دہلی سی ای او ایلس واز نے کہا کہ ’’ووٹنگ صرف ایک حق نہیں، بلکہ ایک ذمہ داری ہے جو جمہوریت کی بنیاد کو مضبوط کرتی ہے۔ اس مہم کے ذریعہ ہم دہلی کے ہر اہل ووٹر کو ووٹنگ کے لیے راغب کرنا چاہتے ہیں، ہم یہ پیغام پہنچانا چاہتے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور ووٹ دیں۔‘‘
معنی خیز پوسٹرس اور نعروں سے مزین سبھی آٹو ’موبائل بیداری یونٹ‘ کی شکل میں کام کریں گے۔ یہ ووٹنگ کے طریقہ، ووٹنگ کی تاریخ اور ہر ووٹ کی اہمیت کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دیں گے۔ یہ مشن الیکشن کمیشن کی وسیع کوششوں کا حصہ ہے، جس کا مقصد آئندہ انتخابات میں زیادہ ووٹنگ اور مجموعی شراکت داری یقینی بنانا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔