کراچی: قاائد آباد میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے جیل پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل جاں بحق اور ایک بچہ سمیت دو راہگیر زخمی ہوگئے۔
ایس ایچ او قائد آباد غلام حسین پیرزادہ نے بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ گرین سٹی پل داؤد چورنگی ریلوے ٹریک کے قریب موچی کی دکان پر پیش آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات میں پتا چلا کہ مقتول 40 سالہ اکرم جیل پولیس کا ہیڈ کانسٹیبل ہے جو اپنے دوست ظفر کے ہمراہ موچی کی دکان پر بیٹھا ہوا تھا اس دوران ان میں کسی بات پر جھگڑا ہوا اور ظفر نے فائرنگ کر کے دوست اکرم کو قتل کر دیا۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ فائرنگ کی زد میں آکردو راہگیر 40 سالہ صادق اور دو سالہ شاہ زیب زخمی ہوگئے۔
انہوں نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والا ملزم ظفر بھی پولیس کا ریٹائرڈ اے ایس آئی ہے اور جائے وقوع سے 30 بور پستول کے خول ملے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ملیر کاشف عباسی بھی موقعے پر پہنچ گئے اور جائے وقوع پر موجود ماتحت افسران سے معلومات حاصل کیں۔
اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار کا قتل ٹارگٹ کلنگ نہیں ہے بلکہ واقعہ دوستوں میں جھگڑے کے دوران پیش آیا ہے، جس کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مقتول کے ورثا نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے اور فوری طور پر ملزم کو قانون کی گرفت میں لیا جائے۔