الکا لامبا نے کہا کہ ’’امید ہے کہ آئندہ کل انتخابی ضابطہ اخلاق کا اعلان کیا جائے گا۔ بی جے پی اور عآپ ایک ہی سکہ کے دو پہلو ہیں۔ دہلی کے لوگ کانگریس کو ایک متبادل پارٹی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔‘‘
کانگریس لیڈر الکا لامبا / سوشل میڈیا
دہلی میں ہونے والے اسمبلی انتخاب کے پیش نظر تمام سیاسی پارٹیوں نے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ پارٹیوں نے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔ ساتھ ہی ہی سیاسی لیڈران کے درمیان ایک دوسرے پر الزامات کا لامتناہی سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ سیاسی پارٹیوں نے ابھی سے ہی عوام سے وعدے بھی کرنے شروع کر دیے ہیں۔ دریں اثنا کالکاجی سے کانگریس امیدوار الکا لامبا نے عآپ کو سخت تنقید کا نشانا بنایا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’اروند کیجریوال کو اپنے خلاف لہر نظر آ رہا ہے، وہ انتخاب ہارنے جا رہے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کیجریوال کے فری کی ریوڑیوں کے حوالے سے بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ واضح ہو کہ کانگریس نے الکا لامبا کو عآپ وزیر اعلیٰ آتشی کے خلاف اسمبلی انتخاب کے لیے کالکاجی سے میدان میں اتارا ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ کیجریوال جس پنجاب کے نام پر دہلی کی خواتین کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ میں کیجریوال کو چیلنج کرتی ہوں کہ آپ پنجاب کے وزیر اعلیٰ بھگوت مان کو کہیں کہ وہ پنجاب کی بہنوں کو بسوں میں لے کر آئیں اور ان کے ’پاس بُک‘ بھی لے کر آئیں۔ جس سے یہ ثابت ہو جائے گا کہ پنجاب کی عآپ حکومت نے گزشتہ 36 ماہ کے اندر پنجاب کی بہنوں کے بینک کھاتے میں فی ماہ 1000 روپے کے حساب سے 36000 روپے ڈالے ہیں۔ الکا لامبا نے کانگریس کے ساتھ ساتھ بی جے پی پر بھی سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’امید ہے کہ آئندہ کل انتخابی ضابطہ اخلاق کا اعلان کیا جائے گا۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے عام آدمی پارٹی کو ’آپ-دا‘ (مصیبت) کہا ہے۔ میں کہنا چاہتی ہوں کہ دہلی کو اس مصیبت میں پہنچانے کے لیے دونوں (عآپ اور بی جے پی) ذمہ دار ہیں۔ دہلی کے لوگ کانگریس کو ایک متبادل پارٹی کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
https://x.com/ANI/status/1875798175556210912
الکا لامبا نے عام آدمی پارٹی کے ذریعہ خواتین کو ماہانہ 2100 روپے دینے کے اعلان کے جواب میں کہا کہ یہ اعلان جھوٹ پر مبنی ہے۔ اس سے قبل بھی پنجاب میں خواتین کو 1000 روپے ماہانہ دینے کی بات کی تھی جو صرف اور صرف ایک سیاسی جملہ ثابت ہوا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے ان ریاستوں کا حوالہ دیا جہاں کانگریس کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔ انہوں نے کانگریس کی کرناٹک اور تلنگانہ حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں خواتین کو ماہانہ 2500 اور 2000 روپے دیے جا رہے ہیں۔ الکا لامبا نے یہ بھی کہا کہ دہلی انتخاب میں ہم نے کرناٹک اور تلنگانہ کے لوگوں پاس بُک کے ساتھ بلایا ہے ان کے ساتھ ہمارے وزیر اعلیٰ بھی آ رہے ہیں۔ تاکہ ہم عوام کو دکھا سکیں کہ کانگریس جو کہتی ہے وہ کرتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔