ریونت ریڈی نے کہا کہ ہم نے منموہن سنگھ کا ایک مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے، سبھی اراکین اسمبلی سے یہ گزارش بھی کی ہے کہ وہ اپنا مشورہ دیں کہ ان کا مجسمہ کہاں نصب کیا جانا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ تلنگانہ اے ریونت ریڈی / آئی اے این ایس
سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کے اسمارک کو لے کر کانگریس لگاتار مرکز کی مودی حکومت پر حملہ آور ہے۔ اس درمیان تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ حیدر آباد فنانشیل ڈسٹرکٹ میں سابق وزیر اعظم کی مورتی نصب کرنے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ یہ اعلان وزیر اعلیٰ نے پیر کے روز کیا اور ساتھ ہی اس سلسلے میں اراکین اسمبلی سے مشورہ بھی طلب کیا ہے۔
آج تلنگانہ اسمبلی میں آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اسمبلی اسپیکر جی پرساد کمار کی طرف سے صبح 10 بجے اسمبلی کی کارروائی شروع کرنے کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے منموہن سنگھ کے انتقال پر اظہارِ غم کیا۔ ساتھ ہی ریڈی نے 2014 میں نئی ریاست کی شکل میں تلنگانہ کی تشکیل میں منموہن سنگھ کے کردار کے لیے شکریہ ادا کیا۔
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے جانکاری دی کہ تلنگانہ اسمبلی سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بھارت رتن سے سرفراز کرنے کے لیے مرکزی حکومت سے گزارش پر مبنی ایک قرارداد پاس کرے گا۔ غور کرنے والی بات یہ ہے کہ تلنگانہ کی تشکیل منموہن سنگھ کی قیادت والی یو پی اے حکومت کی دوسری مدت کار کے دوران ہوئی تھی۔
بہرحال، اسمبلی میں وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے کہا کہ ’’ہم نے حیدر آباد فنانشیل ڈسٹرکٹ میں منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ہم سبھی اراکین اسمبلی سے یہ گزارش کرتے ہیں کہ وہ اپنا مشورہ دیں کہ مجسمہ کہاں نصب کیا جانا چاہیے۔ ہمیں لگتا ہے کہ تلنگانہ کی زمین پر منموہن سنگھ کا مجسمہ نصب کرنا مناسب رہے گا۔‘‘منموہن سنگھ کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’سابق وزیر اعظم کا انتقال ملک کے لیے بہت بڑا خسار ہے۔ انھوں نے اپنی خاموشی کے لیے ملی تنقید کے باوجود اپنے صبر کا دامن نہیں چھوڑا۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’منموہن سنگھ ملک کے سابق وزیر اعظم اور وزیر مالیات ہیں، لیکن ان کا تلنگانہ سے خاص رشتہ بھی ہے۔ یہاں کے لوگ انھیں تلنگانہ کو جنم دینے والے شخص کی شکل میں اپنے دل میں رکھتے ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔