جمی کارٹر 1977 سے 1981 تک امریکہ کے صدر رہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ کافی عرصے سے بیمار تھے انہوں نے 100 سال کی عمر میں آخری سانس لی۔
فائل تصویر آئی اے این ایس
امریکہ کے 39ویں صدر جمی کارٹر اتوار کو 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ 1977 سے 1981 تک امریکہ کے صدر رہے۔ اطلاعات کے مطابق وہ کافی عرصے سے بیمار تھے۔ یکم اکتوبر 1924 کو پیدا ہونے والے کارٹر کو 2002 میں امن کا نوبل انعام دیا گیا۔ کارٹر 1977 میں آر فورڈ کو شکست دے کر صدر بنے تھے۔ اس دوران انہوں نے امریکہ کے مشرق وسطیٰ تعلقات کی بنیاد رکھی۔
کارٹر نے دفتر کے اندر اور باہر دونوں جگہ امن اور انسانی مقاصد کے لیے بے انتہا محنت کرکے اپنی میراث بنائی۔ انہوں نے 1978 میں تاریخی کیمپ ڈیوڈ معاہدے کی ثالثی کی جس نے مشرق وسطیٰ میں امن کے لیے ایک فریم ورک تشکیل دیا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں بین الاقوامی امن، جمہوریت اور انسانی حقوق کو آگے بڑھانے کے لیے نوبل امن انعام سے نوازا گیا۔
کارٹر کے بیٹے نے ان کی موت کی تصدیق کی، لیکن فوری طور پر وجہ ظاہر نہیں کی۔ فروری 2023 میں ایک بیان میں، کارٹر سینٹر نے کہا کہ سابق صدر کا جلد کے کینسر کی ایک جارحانہ شکل میلانوما کا علاج کیا گیا تھا، جس میں ٹیومر ان کے جگر اور دماغ تک پھیل گیا تھا۔ کارٹر کی آخری تصویر ان کے گھر کے باہر فیملی اور دوستوں کے ساتھ یکم اکتوبر کو لی گئی تھی، یہ ان کی 100ویں سالگرہ تھی۔
صدر کے طور پر کارٹر کا دور ہنگامہ خیز رہا۔ ان کے دور میں امریکی توانائی کا بحران اور ایران کا یرغمالی بحران شامل تھا۔ کارٹر 1971 سے 1975 تک جارجیا کے گورنر بھی رہے۔ وہ 1837 کے بعد ڈیپ ساؤتھ سے آنے والے پہلے صدر تھے۔ان کے والد ایک کسان تھے۔ انہیں کتابیں اور انہیں اپنے مذہب سے بہت محبت تھی۔ انہوں نے یو ایس نیول اکیڈمی میں نیوکلیئر سائنس کی تعلیم حاصل کی اور 1946 میں امتیازی حیثیت سے گریجویشن کیا۔ اسی سال، انہوں نے روزلین اسمتھ سے شادی کی۔ ان کی اہلیہ کا انتقال 19 نومبر 2023 کو 96 سال کی عمر میں ہوا۔ کارٹر کے پسماندگان میں ان کے بچے جیک، چپ، جیف اور ایمی اور 11 پوتے پوتیاں اور 14 پڑپوتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔