پرینکا گاندھی نے وائناڈ لوک سبھا سیٹ کے ضمنی انتخاب کے پیش نظر اپنی انتخابی تشہیر کے دوران کہا کہ اگر انھیں موقع دیا گیا تو وہ نہ صرف پارلیمنٹ بلکہ ہر پلیٹ فارم پر وائناڈ کے لوگوں کے لیے لڑیں گی۔
کانگریس جنرل سکریٹری اور وائناڈ لوک سبھا سیٹ سے امیدوار پرینکا گاندھی نے جمعرات کو ایک بار پھر وائناڈ کی عوام سے ملاقات کی اور انتخابی جلسہ سے خطاب بھی کیا۔ اس دوران انھوں نے کہا کہ وہ اس علاقے کے لوگوں کی خدمت ٹھیک اسی طرح کرنا چاہتی ہیں جس طرح ایک ماں اپنے بچوں کی دیکھ بھال کرتی ہے۔
وائناڈ لوک سبھا سیٹ کے لیے ضمنی انتخاب کے پیش نظر انتخابی تشہیر کے دوران پرینکا گاندھی نے کہا کہ اگر انھیں موقع دیا گیا تو وہ نہ صرف پارلیمنٹ بلکہ ہر پلیٹ فارم پر وائناڈ کے لوگوں کے لیے لڑیں گی۔ انھوں نے اپنے بھائی اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی کے دل میں وائناڈ کے تئیں لگاؤ کا بھی تذکرہ کیا اور ووٹروں سے خود کے لیے حمایت کا مطالبہ کیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ عوام کی محبت ملنے کی صورت میں ہی وہ وائناڈ کی خدمت کر سکتی ہیں۔ انھوں نے بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت کی سیاست نے ملک میں کسانوں اور چھوٹے کاروباریوں کو نقصان پہنچایا ہے۔
ملپورم ضلع کے ایراناڈ اور نیلمبور اسمبلی حلقہ میں اکمپدم اور پوتھوکلو علاقہ میں نکڑ جلسہ کے دوران انھوں نے کہا کہ وائناڈ میں بے پناہ امکانات ہیں، لیکن اس کے باوجود حکومت تعاون نہیں کر رہی۔ یہی وجہ ہے کہ علاقہ کے کسان اور چھوٹے کاروباری بھی قرض سے نبرد آزما ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری نے دعویٰ کیا کہ اس کی وجہ بی جے پی کی طرف سے کی جا رہی ڈر، نفرت اور تقسیم کی سیاست ہے اور ملک میں اس طرح کی سیاست نہیں چل سکتی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔