راولپنڈی / لاہور: آئی جی پنجاب نے راولپنڈی میں امن و امان کی صورت حال کو یقینی بنانے پر پولیس افسران اور اہلکاروں کو شاباش جبکہ عوام کو تعاون کرنے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے لا اینڈ آرڈر، ریاست کی رٹ برقرار رکھنے، شہریوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنانے پر راولپنڈی پولیس کو شاباش دی۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ راولپنڈی پولیس نے انتہائی جانفشانی، جرات اور بہادری سے امن و امان کا قیام یقینی بنایا، آر پی او، سی پی او اور ایس ایس پی آپریشنز راولپنڈی سمیت تمام متعلقہ افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہے۔
عثمان انور نے کہا کہ فلیگ مارچ سمیت تمام ضروری سکیورٹی و ٹریفک انتظامات یقینی بنائے گئے، راولپنڈی ریجن میں حالات مجموعی طور پر پرامن رہے، قانون کی پاسداری یقینی بنائی گئی، جانفشانی سے فرائض سر انجام دینے پر راولپنڈی پولیس کے تمام فیلڈ یونٹس تحسین کے مستحق ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کا راولپنڈی میں احتجاج ختم کرنے اور کارکنوں کو واپس جانے کی ہدایت
انہوں نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے دوران زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، امن کا قیام یقینی بنانے میں شہریوں، سکیورٹی اداروں اور میڈیا کے بھر پور تعاون پر شکر گزار ہیں۔
آئی جی پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے افسران و اہلکار مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں۔