[ad_1]
سپریا شرینیت نے کہا کہ نربھیا واقعہ کا حوالہ دے کر خواتین سے تحفظ کا وعدہ کیا اور اقتدار حاصل کرنے کے بعد کیجریوال 11 سالوں سے خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کے تئیں بے حس اور غیر ذمہ دار نظر آ رہے۔
دہلی میں لگاتار بڑھ رہے جرائم کے واقعات پر کانگریس نے آج فکر مندی ظاہر کرتے ہوئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس ترجمان سپریا شرینیت نے دہلی واقع ’راجیو بھون‘ میں پریس کانفرنس کر جرائم کے واقعات پر مشتمل تفصیلی اعداد و شمار پیش کیے اور بی جے پی کے ساتھ ساتھ عآپ کو بھی کٹہرے میں کھڑا کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گزشتہ 11 سالوں میں بی جے پی کی مرکزی حکومت اور دہلی میں کیجریوال کی حکومت نے دہلی کے تئیں بے رخی کا مظاہرہ کیا ہے اور بدتر نظام قانون کے سبب جرائم سے دِلّی دَہلی ہوئی ہے۔‘‘
سپریا شرینیت نے کہا کہ کیجریوال نے نربھیا واقعہ کا حوالہ دے کر خواتین سے تحفظ کا وعدہ کیا اور اقتدار حاصل کرنے کے بعد وہ 11 سالوں سے خواتین کے خلاف بڑھتے جرائم کے تئیں بے حس اور غیر ذمہ دار نظر آ رہے ہیں۔ انھوں نے میڈیا کے سامنے حقائق پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’مودی اور کیجریوال کی ناک کے نیچے ہر گھنٹے 4 خواتین کے ساتھ جرائم کے واقعات ہو رہے ہیں، یعنی ایک دن میں 40 خواتین کو جرائم کا سامنا ہے۔ دہلی میں بڑھتے جرائم کے واقعات پر مودی کے شاہ نے خاموشی اختیار کر رکھی ہے اور کیجریوال کہتے ہیں کہ پولیس ہمارے پاس نہیں ہے۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’بی جے پی کی مرکزی حکومت کے ماتحت دہلی پولیس کی ناک کے نیچے جرائم ہو رہے ہیں۔ امت شاہ کی دہلی پولیس کا کام کسان کے حق کی لڑائی میں ان کی راہ میں کیلیں گڑوانا، آنگن واڑی خواتین کے ذریعہ تنخواہ مانگنے پر لاٹھی چارج کرنا، نوجوانوں کے ذریعہ حکومت سے ملازمت مانگنے پر واٹر کینن چلانا ہی رہ گیا ہے۔ حکومتوں اور پولیس کا عوام کی حفاظت کرنے سے کوئی مطلب نہیں ہے۔‘‘
سپریا شرینیت نے دہلی میں 2014 سے 2024 کے درمیان جرائم کے بڑھے واقعات کا تذکرہ کرتے ہوئے مرکزی اور دہلی حکومتوں کو پوری طرح ناکام قرار دیا۔ انھوں نے اس تعلق سے کچھ اہم حقائق سامنے رکھے جو اس طرح ہیں:
-
آج دہلی میں ہر سال 5894 اغوا کے معاملے درج ہو رہے ہیں، جن میں 2812 بچے ہوتے ہیں۔
-
بچوں کے خلاف جرائم معاملہ میں ملک کا کرائم ریٹ 36.6 ہے، جبکہ دہلی میں یہ شرح 134 ہے۔
-
دہلی میں ہر سال 8683 بچے جرائم کا شکار ہو رہے ہیں۔
-
حیران کرنے والی بات یہ ہے کہ پورے ملک کی 28 ریاستوں میں ایک سال میں 2 لاکھ 35 ہزار 681 لوگ چوروں کا ہدف بنے، وہیں تنہا دہلی میں ایک سال میں 2 لاکھ 95 ہزار 528 لوگ چوروں کا نشانہ بن رہے ہیں۔
-
پورے ملک میں چوری کا کرائم ریٹ جہاں 17.1 ہے، وہیں دہلی میں چوری کا کرائم ریٹ 798.3 ہے، جو کہ پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
-
تنہا دہلی جیسے چھوٹے خطہ میں 3 لاکھ جرائم میں 4 لاکھ 30 ہزار 595 افراد جرائم پیشوں کے شکار بنے ہیں۔ جہاں پورے ملک میں جرائم کا اوسط 258.1 ہے، وہیں راجدھانی دہلی کا کرائم ریٹ خوفناک طریقے سے 1424.1 ہے، اور یہ بھی دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
-
خواتین کے ساتھ ہوئے جرائم کے 85 ہزار کیس عدالتوں میں زیر التوا ہیں اور خواتین کے مقدمات کا زیر التوا فیصد منفی 97.1 ہے۔ بنگال میں یہ شرح 97.5 فیصد ہے۔
-
2013 میں مجموعی طور پر 80 ہزار 184 جرائم کے واقعات پیش آئے تھے، جو 2022 میں بڑھ کر 3 لاکھ 429 پہنچ گئے۔
مذکورہ بالا اعداد و شمار پیش کرنے کے بعد سپریا شرینیت نے کہا کہ ’’میں دہلی والوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ دہلی کو جرائم سے بچانے کے لیے وہ جھوٹے وعدے کرنے والوں کا ساتھ چھوڑیں، دہلی میں تبدیلی کے لیے ووٹ کریں، کانگریس کو کامیاب بنائیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’عآپ اور بی جے پی صرف دکھانے کے لیے ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں، پردے کے پیچھے دونوں کی جگل بندی ہے۔ کیجریوال صرف دکھانے کے لیے لیفٹیننٹ گورنر کی رہائش پر دھرنا دیتے ہیں۔‘‘
سپریا شرینیت نے میڈیا سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ دہلی میں ہر خواتین بڑھتے جرائم سے خوفزدہ اور فکرمند ہے۔ دہلی اسمبلی انتخاب میں عآپ اور بی جے پی اہم ایشوز پر بات نہیں کر رہی ہیں، بلکہ لوگوں کا دھیان بھٹکانے کے لیے عجیب و غریب باتیں کر رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر کا کہنا ہے کہ دہلی کو جرائم کی راجدھانی بنانے میں بی جے پی اور عآپ دونوں برابر کے شریک ہیں۔ ایسا اس لیے کیونکہ حقیقت میں دہلی کے بدحال نظامِ قانون کو بہتر بنانے اور بڑھتے جرائم پر قابو پانے کے لیے گزشتہ 11 سالوں میں بی جے پی اور عآپ کسی نے بھی پیش قدمی تک نہیں کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link