بیشتر افراد بڑھاپے کے ساتھ آنے والی جسمانی کمزوریوں اور بیماریوں سے بچنے کی خواہش رکھتے ہیں اور لگتا ہے کہ بہت جلد ایسا ممکن ہوسکے گا۔
چینی سائنسدانوں نے بڑھاپے کی اثرات کی روک تھام کا ممکنہ طریقہ دریافت کیا ہے جس سے لوگوں کو زیادہ عرصے تک جوان رہنے میں مدد ملے گی۔
طبی جریدے میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ جگر کی جانب سے تیار کیے جانے والے ایسڈ کی ایک قسم سے جسم پر ویسے ہی اثرات مرتب ہوتے ہیں جیسے کیلوریز کی کم تعداد کے استعمال سے ہوتے ہیں جس سے عمر میں اضافہ ہوتا ہے۔
اس تحقیق میں ماہرین نے lithocholic ایسڈ (ایل سی اے) کے اثرات کا تجزیہ ایسے چوہوں میں کیا گیا جن کے جینز میں انسانی ٹشوز کو شامل کیا گیا تھا۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جگر میں قدرتی طور پر بننے والے اس ایسڈ سے چوہوں میں مسلز کے تعمیر نو بڑھ گئی، گرفت مضبوط ہوئی اور ان کے بھاگنے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا۔
ماضی میں ہونے والے تحقیقی کام سے ثابت ہوا تھا کہ ممالیہ جانداروں میں یہ ایسڈ اس وقت جمع ہوتا ہے جب وہ کم غذا کا استعمال کرتے ہیں اور اس سے ایک مالیکیول متحرک ہوتا ہے جو میٹابولزم کے لیے اہم ہوتا ہے۔
AMP-activated protein kinase (اے ایم پی کے) نامی یہ مالیکیول اس وقت متحرک ہوتا ہے جب بلڈ گلوکوز کی سطح گھٹ جاتی ہے۔
یہ عمر میں اضافے سے مرتب اثرات کی روک تھام کے لیے اہم ہوتا ہے کیونکہ یہ ورم اور اعصابی تنزلی جیسے اثرات کو ریگولیٹ کرتا ہے۔ نئی تحقیق میں فروٹ فلائیز اور کیچوے پر بھی ایل سی اے کے اثرات کی جانچ پڑتال کی گئی۔
سائنسدانوں نے دریافت کیا کہ ایل سی اے سے اے ایم پی کے متحرک ہوتا ہے اور بڑھاپے کی جانب سفر بالکل اسی طرح سست ہو جاتا ہے جب ہم کم کیلوریز کا استعمال کرتے ہیں۔
چونکہ یہ جاندار قدرتی طور پر ایل سی اے تیار نہیں کرتے تو سائنسدانوں کی جانب سے اسے خود جسم میں داخل کیا گیا۔ اس طرح تصدیق ہوئی کہ یہ ایسڈ اے ایم پی کے کو متحرک کرتا ہے۔
محققین نے کم کیلوریز استعمال کرنے والے چوہوں کے خون کے نمونوں کا موازنہ ایل سی اے کے اثرات سے کیا اور دریافت ہوا کہ دونوں سے چوہوں کے جگر اور مسلز میں اے ایم پی کے متحرک ہوا۔
ایل سی اے سے کیچوؤں اور فروٹ فائیز کی زندگی کی مدت میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا۔ محققین نے بتایا کہ ایل سی اے سے بڑھاپے کی جانب سے سفر کو روکنے میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔
اب وہ مزید تحقیق کرکے مختلف عمروں کے افراد میں اس کے اثرات کا جائزہ لیں گے اور تعین کریں گے کہ اس ایسڈ کی کتنی مقدار کا استعمال بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عرصے سے لوگ ہمیشہ جوان رہنے کی خواہش ظاہر کر رہے ہیں اور ایل سی اے اس حوالے سے اہم ثابت ہوسکتا ہے۔