[ad_1]
ایک طرف ہندوستان اور آسٹریلیا کے لیے ملبورن میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے بہت اہم ہے، دوسری طرف کل سے ہی جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ بھی شروع ہو رہا ہے۔
ڈبلیو ٹی سی (ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ) کا اصل مزہ کل سے شروع ہونے والا ہے۔ ایک طرف ہندوستان اور آسٹریلیا کے لیے ملبورن میں کھیلا جانے والا ٹیسٹ میچ ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے بہت اہم ہے، تو دوسری طرف کل سے ہی جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان بھی ٹیسٹ میچ شروع ہو رہا ہے جو جنوبی افریقہ کے لیے ڈبلیو ٹی سی فائنل کا ٹکٹ ثابت ہو سکتا ہے۔ اس وقت جنوبی افریقہ ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں پہلے مقام پر ہے اور پاکستان کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک جیت بھی اسے فائنل میں داخلہ دلا دے گی۔ دوسری طرف ہندوستان کے لیے بارڈر-گواسکر ٹرافی کا چوتھا ٹیسٹ میچ (جو کہ ملبورن میں کھیلا جائے گا) جیتنا لازمی ہے، تاکہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کی دوڑ میں بنا رہے۔
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان چوتھا ٹیسٹ میچ کل علی الصبح 5 بجے سے شروع ہوگا۔ 4.30 بجے ٹاس ہوگا اور پھر نصف گھنٹے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی میدان پر نظر آئیں گے۔ ہندوستان کے ساتھ ساتھ آسٹریلیا کے لیے بھی ملبورن ٹیسٹ میں ایک طرح سے ’کرو یا مرو‘ والی حالت دیکھنے کو ملے گی۔ ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں ان دونوں ٹیموں کے درمیان بہت زیادہ فاصلہ نہیں ہے، اور بارڈر-گواسکر ٹرافی میں بھی دونوں ٹیمیں ابھی 1-1 سے برابری پر ہیں۔ اس لیے دونوں ہی ٹیمیں ایک دوسرے پر سبقت بنانے کی کوشش کریں گی۔ ہندوستان کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ تقریباً ایک دہائی سے ہندوستان ملبورن میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہارا ہے۔
بہرحال، آئیے یہاں سمجھنے کی کوشش کرتے ہیں کہ ڈبلیو ٹی سی فائنل کے دوڑ میں جنوبی افریقہ، آسٹریلیا اور ہندوستان کی اس وقت کیا پوزیشن ہے، اور آگے اس کے کیسے امکانات ہیں۔ دیگر ٹیمیں ایک طرح سے اس دوڑ سے باہر ہی دکھائی دے رہی ہیں۔ کچھ عجوبہ ہو جائے تو سری لنکا اس دوڑ میں شامل ہو سکتی ہے حالانکہ ایسا کچھ ہوگا اس کی امید کم ہی ہے۔ اس وقت ڈبلیو ٹی سی پوائنٹس ٹیبل میں جنوبی افریقہ 63.33 فیصد پوائنٹ کے ساتھ پہلے مقام پر، آسٹریلیا 58.89 فیصد پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر اور ہندوستان 55.89 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر ہے۔ پہلے اور دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیمیں ڈبلیو ٹی سی کا فائنل مقابلہ کھیلیں گی۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم اگر پاکستان کے ساتھ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ، جو کہ سنچورین میں 26 دسمبر سے شروع ہوگا، جیتنے میں کامیاب ہوتی ہے تو اس کے 66.67 فیصد پوائنٹس ہو جائیں گے۔ ہندوستانی ٹیم اگر ملبورن ٹیسٹ میں جیت حاصل کرتا ہے تو اس کے 58.33 پوائنٹس ہو جائیں گے اور وہ دوسرے نمبر پر آ جائے گی۔ شکست کی صورت میں آسٹریلیا کے 55.21 فیصد پوائنٹس ہو جائیں گے اور اسے تیسرا مقام حاصل ہوگا۔
اگر ہندوستانی ٹیم ملبورن ٹیسٹ نہیں جیت پاتی ہے تو اسے شدید جھٹکا لگے گا۔ ایسی حالت میں آسٹریلیا دوسرے مقام پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لے گا، جبکہ ہندوستان تیسرے مقام پر ضرور رہے گا لیکن اس کے 52.78 فیصد پوائنٹس ہو جائیں گے۔ دوسری طرف جنوبی افریقہ کو اگر باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں پاکستان سے شکست کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ہندوستان بھی ملبورن ٹیسٹ میں جیت حاصل کرتی ہے تو ہندوستان پہلے مقام پر پہنچ جائے گی۔ ایسی صورت میں جنوبی افریقہ دوسرے مقام پر پہنچ جائے گی اور آسٹریلیا کو تیسرا مقام حاصل ہوگا۔ اگر دونوں ہی ٹیسٹ میچ ڈرا ہوتے ہیں تو پھر ہندوستانی ٹیم 54.78 فیصد پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر بنی رہے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
[ad_2]
Source link