اسلام آ باد:
وزیراعظم کے مشیر اور ن لیگ کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے جو بھی بات ہوگی اُس میں حکومت اسٹیبشلمنٹ کو آن بورڈ رکھے گی۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف سے مذاکرات نواز شریف کی اجازت سے مشروط ہیں اور حکومت اسٹیبلشمنٹ کو بھی آن بورڈ رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سے اتوار تک مذاکرات شروع ہوسکتے ہیں اور اس حوالے سے ہماری اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں: سیاسی استحکام کیلئے بات چیت کو تیار ہیں، مذاکرات سے ہی مسائل کاحل نکلے گا، پی ٹی آئی
رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے جو مطالبات ہیں اُن پر اتوار تک تو کوئی پیشرفت نہیں ہوسکتی، پھر بھی اگر جلد بازی میں سول نافرمانی کی تحریک کا شوق ہے تو تحریک انصاف اُسے پورا کرلے کیونکہ اس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اور یہ تحریک بری طرح سے ناکام ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت اور پی ٹی آئی میں مذاکرات کے لیے اسپیکر نے اپنی خدمات پیش کردیں
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی حکومت کو نہیں بلکہ اپنے پیاروں کو پیسے بھیجتے ہیں اس لیے اُن کا سول نافرمانی کی تحریک میں ترسیلات زر نہ بھیجنا ممکن نہیں ہے۔