کراچی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 724کلوگرام منشیات قبضے میں لےلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اس دوران کراچی میں کوریئر آفس سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے دو پارسلز سے 2.7 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ کے قریب گاڑی سے 36 کلوگرام چرس اور الآصف اسکوائرکے قریب سے 10 کلوگرام افیون اور ایک کلوگرام چرس تحویل میں لی گئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کی گرفتاری بھی عمل میں آئی ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں اے این ایف کی کارروائیوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں جے سی پی پنجپائی میں دو کارروائیوں میں ایک کلوگرام ویڈ اور3.3 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئٹہ میں کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 588 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق لاہورکے ہوائی اڈے پر دوحہ سے آنے والے مسافر سے 668 گرام کوکین اور لاہور ائیرپورٹ کارگو آفس سے نیوزی لینڈبھیجے جانے والے پارسل سے 5.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم ون موٹروے اسلام آباد پر گاڑی سے 44.4 کلوگرام چرس اور 27.6 کلوگرام افیون تحویل میں لے لی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ احمد نگر فیصل آباد میں ایک کارروائی کے دوران اسکول کے قریب موجود ملزم سے 900گرام افیون برآمد کی گئی،گرفتار ملزمان کےخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔