[ad_1]
موسم سرما جہاں اپنے ساتھ نزلہ زکام جیسی بیماریاں لاتا ہے وہیں سردیوں میں سر کے بالوں کا گرنا بھی ایک اہم مسئلہ تصور کیا جاتا ہے ۔
تحقیق کے مطابق روزانہ 50 سے 100 تک بالوں کا گرنا قدرتی عمل ہے۔ اس عمل کی وجہ سے نئے بال آتے ہیں اور خام بال گر جاتے ہیں لیکن قدرتی مقدار سے زیادہ بال گرنا پریشانی کا باعث ہے۔
موسم سرما میں جلد خشک ہونے کے ساتھ سر کی جلد یعنی ’اسکیلپ‘ بھی خشک ہو جاتی ہے جس وجہ سے بالوں میں خشکی پیدا ہو جاتی ہے اور مردوں اور عورتوں دونوں کے بال گرنا شروع ہوجاتے ہیں۔
آج ہم آپ کو5 ایسے مؤثر طریقے بتانے جارہے ہیں جن کو استعمال کرکے آ پ گرتے بالوں کو روک سکتے ہیں۔
تیل سے بالوں کا مساج
سردیوں میں آپ کے بالوں کے لیے سر کا مساج کافی ضروری ہے یہ آپ کے سر میں خون کی گردش کو بڑھانے میں مدد کرتا ہے، جس سے بالوں کو اندر سے مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔ 3-2 چائے کے چمچ زیتون کا تیل یا بادام کا تیل گرم کریں اور سر کی جلد پر آہستہ آہستہ مساج کریں تاکہ یہ بالوں کی جڑوں میں گہرائی تک جا سکے۔
بال گرنے کی اصل وجہ تلاش کریں
ذہنی تناؤ سے لے کر غذائیت کی کمی تک، آپ کی روزمرہ کی سادہ عادتیں سردیوں میں بالوں کے گرنے کی وجہ بن سکتی ہیں۔ اس لیے بالوں کے گرنے کی اصل وجہ تلاش کرنے کیلئے ہیئر کنسلٹنٹ کے پاس جائیں اور مکمل معلومات حاصل کریں۔
صحت مند چیزیں کھائیں اور زیادہ پانی پیئیں
آپ کی خوراک میں ضروری وٹامنز، اور دیگر غذائی اجزاء کی کمی بالوں کے گرنے کا سبب بن سکتی ہیں اس لیے زیادہ سے زیادہ صحت مند چیزیں کھائیں ۔ وٹامن ای اور بی اور پروٹین کا استعمال کریں یہ بالوں کی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ آپ سرد موسم میں ضرورت کے مطابق سبزیاں اور پروٹین کا استعمال کرتے ہیں ،گوشت، دہی، مچھلی کھانے سے بالوں کی نشوونما ہوتی ہے اور بالوں کے گرنے پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ اس کے علاوہ صحت مند خوراک جتنی ضروری ہے اتنا ہی پانی بھی ہمارے جسم کیلئے نہایت اہم ہے، موسم سرما میں پانی کم پیا جاتا ہے ، بالوں کی گرنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے۔ اس لیے سردی کے موسم میں بھی پانی کا زیادہ استعمال کریں تاکہ آپ کی جلد اور بال دونوں ہی اس موسم میں ٹھیک رہیں۔
اپنے بالوں مطابق ہیئر پروڈکٹس کا استعمال کریں
ہم بغیر سوچے سمجھے بالوں کے تیل، شیمپو، کنڈیشنر اور دیگر بالوں کی حفاظت کیلئے بہت سی مصنوعات استعمال کرتے ہیں۔ بالوں کی ضروریات کے مطابق بالوں کے لیے صحیح پروڈکٹ کا انتخاب بالوں کے گرنے کو روکنے کا ایک اہم حصہ ہے۔ مثال کے طور پر، اگر آپ کے بال خشک ہیں، تو ایسی مصنوعات کا انتخاب کریں جو ڈیپ کنڈیشنگ فراہم کریں۔
گرم شاور لینے سے گریز کریں
سردیوں میں طویل گرم شاور لینے یا گرم پانی میں سر دھونے سے گریز کریں، بہت زیادہ گرم پانی آپ کے بالوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس لیے شاور کیلئے نیم گرم پانی کا انتخاب کریں۔
[ad_2]
Source link