گوگل نے اپنے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ماڈل جیمنائی کا نیا اور پہلے سے زیادہ طاقتور ورژن متعارف کرا دیا ہے۔
گوگل کے چیف ایگزیکٹو سندر پچائی نے جیمنائی کے نئے ماڈل کو Agentic ٹیکنالوجی کا نیا عہد قرار دیا ہے۔
گوگل نے نئے اے آئی ماڈل کو جیمنائی 2.0 فلیش کا نام دیا ہے اور یہ عالمی سطح پر چیٹ ورژن میں دستیاب ہوگا۔
اس کا ایک تجرباتی ملٹی ماڈل ورژن بھی ہے جو ڈویلپرز کو ٹیکسٹ ٹو اسپیچ اور تصاویر بنانے کی سہولت فراہم کرے گا۔
سندر پچائی نے ایک بیان میں کہا کہ ‘اگر جیمنائی 1.0 تفصیلات کو سمجھنے اور منظم کرنے کے لیے تھا تو جیمنائی 2.0 اس عمل کو بہت زیادہ کارآمد بنا دے گا’۔
کمپنی کے مطابق جیمنائی 2.0 نے سابقہ ماڈل کو مختلف شعبوں جیسے کوڈ جنریشن میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
صارفین چیٹ آپٹیمائزڈ فلیش 2.0 کو ویب پر ماڈل مینیو پر جاکر سلیکٹ کرسکتے ہیں جبکہ موبائل ایپ میں رسائی جلد دستیاب ہوگی۔
ملٹی ماڈل ورژن گوگل کے اے آئی اسٹوڈیو اور ورٹیکس اے آئی پلیٹ فارمز پر دستیاب ہوگا۔
Agentic اے آئی سے مراد ایسا سسٹم ہے جو خودمختار طور پر فیصلے کرنے، صارفین کے لیے کام کرنے اور اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
کمپنی کے مطابق اب بھی اسے انسانی ہدایت اور نگرانی کی ضرورت ہوگی مگر یہ ماڈل صارف کی ماضی کی ترجیحات کو مدنظر رکھ کر خودکار طور پر ہوٹل بکنگ، کھانے کے مقامات پر ریزرویشن اور شیڈول تیار کرسکے گا۔
گوگل کی جانب سے جیمنائی اے آئی ماڈل کو اہم پلیٹ فارمز جیسے سرچ، اینڈرائیڈ اور یوٹیوب کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ 2 ارب سے زائد صارفین اسے استعمال کرسکیں۔
گوگل کی جانب سے ایک تجرباتی اے آئی ایجنٹ پراجیکٹ Astra بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
یہ اے آئی ایجنٹ اسمارٹ کیمروں کی تفصیلات کا رئیل ٹائم میں تجزیہ کرے گا۔
اسے میپس اور گوگل لینس کے ڈیٹا میں مدغم میں کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق جیمنائی 2.0 فلیش کا ملٹی ماڈل ورژن جنوری 2025 میں عام دستیاب ہوگا جبکہ 2025 کی ابتدا میں اسے دیگر پراڈکٹس کا حصہ بنایا جائے گا۔