ہالی ووڈ کی 1939 کی کلاسک فلم “وزرڈ آف اوز” میں اداکارہ جوڈی گارلینڈ کے پہنے گئے مشہور روبی جوتے حال ہی میں 7 ارب 80 کروڑ روپے )2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر( میں نیلام کیے گئے۔
نیلامی میں خریدار کی فیس شامل کرکے کل رقم (نو ارب روپے) 3 کروڑ 25 لاکھ ڈالر بنی، جو ہالی ووڈ کی یادگاروں کی تاریخ میں اب تک کی سب سے بڑی قیمت ہے۔
یہ نیلامی ڈیلاس میں قائم ہیریٹیج آکشنز کے ذریعے کی گئی، تاہم انتظامیہ نے خریدار کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
یہ جوتے مشہور ڈیزائنر ایڈریان نے جوڈی گارلینڈ کے لیے خاص طور پر تیار کیے تھے۔ سرخ سلک اور موتیوں سے بنے یہ جوتے فلم کی شوٹنگ میں مختلف مواقع پر استعمال کیے گئے، جن میں ڈانسنگ سینز اور کلوز اپ شاٹس شامل ہیں۔ نیلام ہونے والے جوتے فلم میں نظر آنے والے اصلی جوڑے سے میل کھاتے ہیں۔
ان جوتوں کو 2005 میں جوڈی گارلینڈ میوزیم، مینیسوٹا سے چوری کیا گیا تھا۔ کئی سالوں بعد 2018 میں ایف بی آئی نے انہیں بازیاب کرایا، اور ان کے اصل ہونے کی تصدیق سمتھسونین انسٹیٹیوشن نے کی تھی۔